تلنگانہ میں 70 تا 75 نشستوں پر کامیابی کا دعویٰ : ریونت ریڈی

   

حیدرآباد 13۔نومبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے تلنگانہ میں معلق اسمبلی کے امکانات کو مسترد کردیا اور کہا کہ عوام نے کانگریس کے حق میں واضح اکثریت کا فیصلہ کرلیا اور کانگریس کو 40 تا 45 فیصد ووٹ کے ذریعہ 70 تا 75 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی۔ ٹی وی چیانل کو ایک انٹرویو میں ریونت ریڈی نے کہا کہ متحدہ آندھراپردیش کی 40 سالہ تاریخ میں ایک الیکشن کا نتیجہ بھی معلق نہیں رہا۔ عوام تبدیلی کا فیصلہ کرچکے اور کانگریس کو اقتدار کا ایک موقع ضرور دیں گے۔ ریونت ریڈی نے بی آر ایس اور مجلس اتحاد کا ذکر کیا اور کہا کہ 10 برسوں سے یہ ایک دوسرے کی مدد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی ، کے سی آر اور اسد اویسی تینوں ایک ہیں اور جنتا دل سیکولر ان کے ساتھ شامل ہوچکی ہے۔ ریونت ریڈی نے ٹکٹوں کی تقسیم میں ناانصافی کے الزامات کو مسترد کردیا اور کہا کہ ان کے کئی ساتھی ٹکٹ سے محروم رہے۔ سنٹرل الیکشن کمیٹی نے سروے کی بنیاد پر امیدواروں کا انتخاب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس میں اختلاف رائے موجود ہے لیکن الیکشن میں کامیابی کے مسئلہ پر قائدین میں کوئی اختلافات نہیں ہیں۔