تلنگانہ وقف بورڈ میں تعطل ختم، تنخواہوں کی اجرائی

,

   

Ferty9 Clinic

ائمہ اور موذنین کا دو ماہ کا اعزازیہ جاری،بعض ارکان کی صدرنشین کے عہدہ پر نظر: محمد سلیم
حیدرآباد۔10 ۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ میں جاری قانونی تعطل آج آخرکار ختم ہوگیا اور ملازمین کی تنخواہ اور ائمہ و مؤذنین کا اعزازیہ جاری کردیا گیا۔ صدرنشین محمد سلیم اور چیف اگزیکیٹیو آفیسر عبدالحمید نے رقومات کی اجرائی کے لئے چیکس پر دستخط کئے ۔ صدرنشین کے عہدہ پر محمد سلیم کی برقراری کے سلسلہ میں بعض قانونی پیچیدگیوں کا حوالہ دیتے ہوئے چیف اگزیکیٹیو آفیسر نے تنخواہوں کی اجرائی کو روک دیا تھا ۔ زائد رقومات کی اجرائی کے لئے صدرنشین اور سی ای او کے مشترکہ دستخط ضروری ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سکریٹری اقلیتی بہبود نے سی ای او کو صدرنشین کے دستخط حاصل کرتے ہوئے تنخواہ جاری کرنے کی ہدایت دی۔ ائمہ اور مؤذنین کے دو ماہ کے اعزازیہ کی رقم ماہانہ 5000 روپئے کے حساب سے 8 کروڑ ایک لاکھ 30 ہزار روپئے جاری کئے گئے جبکہ ملازمین کی ماہ جون کی تنخواہ کے طور پر تقریباً 78 لاکھ روپئے کی اجرائی عمل آئی۔ اس طرح تقریباً 9 کروڑ روپئے آج وقف بورڈ سے جاری کئے گئے۔ ملازمین کی تنخواہیں بینک اکاؤنٹ میں جمع ہوچکی ہے جبکہ 8013 ائمہ اور مؤذنین کو مارچ اور اپریل کے بقایا جات کے طور پر فی کس 10 ہزار روپئے اکاؤنٹ میں جمع کئے گئے۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے بتایا کہ مئی اور جون کے اعزازیہ کی ر قم جلد جاری کردی جائے گی۔ اس کے علاوہ مطلقہ خواتین کی امدادی رقم بھی جلد جاری کردی جائے گی۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے محمد سلیم نے بتایا کہ ان کی برقراری کے مسئلہ پر کوئی تعطل نہیں ہے ۔ سنٹرل وقف ایکٹ کے تحت سیکشن 15 کے تحت صدرنشین کی میعاد پانچ سال ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون ساز کونسل کی رکنیت ختم ہونے سے میعاد پر اثر نہیں پڑتا کیونکہ صدرنشین کے انتخاب کا علحدہ جی او جاری کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر اور ٹی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی راما راؤ چاہتے ہیں کہ وہ صدرنشین کے عہدہ پر برقرار رہیں۔ محمد سلیم نے کہا کہ وہ کسی معاوضہ کے بغیر صرف اللہ تعالیٰ کی رضا کے لئے کام کر رہے ہیں۔ انہیں پیسے کا کوئی لالچ نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں محمد سلیم نے کہا کہ بورڈ کے ایک دو ارکان کو ان کی برقراری پر بے چینی ہے کیونکہ وہ صدرنشین کے عہدے کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض لینڈ گرابرس اور بلیک میلرس بورڈ میں الجھن پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن انہیں کامیابی نہیں ملے گی۔