تلنگانہ وقف بورڈ میں ملازمین کی مرضی مطابق خدمات

   

طویل عرصہ سے ایک ہی عہدہ پر ، سبکدوش ملازمین کی جگہ پر دیگر عہدیداروں کی ترقی
حیدرآباد۔14۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کے مختلف شعبوں میں خدمات انجام دینے والے ملازمین طویل مدت سے ایک ہی عہدہ پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور اسسٹنٹ سیکریٹری عہدہ کے ملازمین جو وظیفہ پر سبکدوش ہونے والے ہیں ان کی جگہ دیگر ملازمین کو ترقی دینے کے اقدامات کئے جانے ہیں لیکن ترقی دینے کے سلسلہ میں فیصلہ سے قبل محکمہ جاتی کمیٹی کی تشکیل کے ذریعہ اہل ملازمین کو ترقی دیئے جانے کے سلسلہ میں منصوبہ بندی کی جانی چاہئے ۔ برسوں سے ایک ہی شعبہ میں خدمات انجام دینے والے ملازمین کے تبادلہ اور انہیں دیگر شعبوں میں خدمات تفویض کرنے کے اقدامات ناگزیر ہیں کیونکہ ایک ہی جگہ پر کئی برسوں تک خدمات انجام دینے کے سبب بیشتر ملازمین ان شعبوں پر اپنی اجارہ داری ظاہر کرتے ہوئے یہ باور کروانے لگے ہیں ان کی مرضی کے بغیر وقف بورڈ کے متعلقہ شعبہ جات میں کوئی کام نہیں ہوتا ۔ تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کے مختلف شعبہ جات میں خدمات انجام دینے والے ملازمین جو کہ اہلیت نہ ہونے کے باوجود ان شعبہ جات کے نگران کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں ان کے بڑے پیمانے پر تبادلوں کو یقینی بنانے کے لئے متعدد مرتبہ توجہ دہانی کروائی جاچکی ہے لیکن اس کے باوجود بورڈ کے اعلیٰ عہدیدار اپنے منظور نظر ملازمین کو اپنی پیشی کے آس پاس گھومنے کے لئے ان کی خدمات میں کسی طرح کی تبدیلی پر آمادہ نہیں ہیں۔ تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ میں خدمات انجام دینے والے ملازمین وقف قوانین کے بجائے اپنی مرضی کے مطابق خدمات انجام دینے کے عادی ہوچکے ہیں اور ان ملازمین کو حاصل ہونے والے عہدیداروں کی پشت پناہی کے نتیجہ میں ملازمین عوام سے موصول ہونے والی شکایات پر کاروائی کرنے کے بجائے انہیں نظر انداز کرنے لگے ہیں ۔3