حیدرآباد۔30۔نومبر(سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کے مستقل چیف اکزیکیٹیو آفیسر کے عہدہ پر تقرر کے لئے ناموں کی تجاویز روانہ کرنے کے سلسلہ میں یکم۔ ڈسمبر بروز جمعرات 11بجے دن حج ہاؤز میں وقف بورڈ کا اہم اجلاس جناب محمد مسیح اللہ خان صدرنشین وقف بورڈ کی صدارت میں منعقد ہوگا۔ وقف بورڈ اور محکمہ اقلیتی بہبود کے درمیان جاری تعطل کے خاتمہ میں یہ اجلاس انتہائی اہمیت کا حامل ثابت ہوگا کیونکہ تلنگانہ ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق اس اجلاس میں وقف بورڈ کی جانب سے چیف اکزیکیٹیو آفیسر کے عہدہ پر مستقل عہدیدار کے تقرر کے سلسلہ میں ناموں کی تجاویز محکمہ اقلیتی بہبود کو روانہ کی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق صدرنشین وقف بورڈ اور ارکان نے وقف ایکٹ کے نئے رہنمایانہ خطوط اور قواعد کے مطابق ترجیحی بنیادوں پر محکمہ مال اور محکمہ قانون کے عہدیداروں کے ناموں پر مشتمل تجویز روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں چیف اکزیکیٹیو آفیسر کے عہدہ پر مستقل عہدیدار کے تقرر کا ایک نکاتی ایجنڈہ ہوگا اس کے علاوہ کسی اور ایجنڈہ پر کوئی بات چیت نہیں کی جائے گی۔ بورڈ کے اس اجلاس کے ساتھ ہی ناموں کو قطعیت اور اجلاس میں منظورہ قراردادکو محکمہ اقلیتی بہبود کو روانہ کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ تلنگانہ ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق وقف بورڈ کو دو ناموں کی تجویز حکومت کوروانہ کرنی ہے اور حکومت کی جانب سے ان دونوں عہدیداروں میں سے کسی ایک عہدیدار کا انتخاب کرتے ہوئے وقف بورڈ میں تقرر کے اقدامات کئے جانے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ وقف بورڈ کے ذمہ داروں نے یکم ۔ڈسمبر کے اجلاس میں ریاستی حکومت کو عہدیداروں کے نام روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ سی ای او کے عہدہ کے لئے اہل عہدیداروں کی فہرست روانہ کرنے کے لئے مکتوب روانہ کیا جاچکا ہے اور اس کا اب تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔م