تلنگانہ و آندھرا کے اضلاع میں بارش جاری ‘ مزید بارش کا امکان

   

حیدرآباد 23 ستمبر(سیاست نیوز) تلنگانہ و آندھرا پردیش کے بیشتر اضلاع میں بارش جاری ہے اور جہاں بارش نہیں ہے وہاں مطلع ابرآلود ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں ہواکے دباؤ میں کمی کے سبب تلنگانہ ‘ آندھراپردیش و اوڈیشہ میں ہلکی و تیز بارش کا امکان ہے۔دونوں شہروں میں موسلا دھاربارش ہوئی اور سیری لنگم پلی ‘ کوکٹ پلی ‘ بی ایچ ای ایل‘ حکیم پیٹ ‘ عنبر پیٹ کے علاوہ اپل اور گھٹکیسر میں صبح سے بارش ہوئی ۔ شہری علاقوں میں ہلکی بوندا باندی دیکھی گئی لیکن کہیں تیز بارش نہیں ہوئی۔ بیشتر اضلاع میں آئندہ تین یوم بارش کا امکان ہے ۔ گذشتہ شب سے کئی علاقوں میں بونداباندی جاری ہے جبکہ دن بھر مطلع ابر آلود رہا ۔ پرانے شہر میں کہیں بارش نہیں ہوئی اور نئے شہر میں ہلکی بوندا باندی ہوئی ۔ اپل‘ گھٹکیسر‘ عنبرپیٹ‘ سیری لنگم پلی و دیگر مقامات پر تیز بارش ہوئی ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اضلاع اور دونوں شہروں میں بارش کا امکان ہے ۔ سیری لنگم پلی میں بارش کے امکانات پر جی ایچ ایم سی کے شعبہ ای وی ڈی ایم نے ٹوئیٹ کرکے شہریوں کو چوکسی اختیار کرنے کے علاوہ بلاضرورت شدید گھروں سے نہ نکلنے کا مشورہ دیا ۔ ٹوئیٹ کے 30 منٹ بعد مادھاپور‘ گچی باؤلی‘ مدینہ گوڑہ ‘ شیخ پیٹ اور دیگر مقامات پر موسلادھار بارش ہوئی ۔ محکمہ کے مطابق نواحی علاقوںمیں بارش کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ محکمہ مال اور محکمہ آبپاشی حکام نے بتایا کہ جن اضلاع میں آئندہ ہفتہ بارش ہوسکتی ہے ان میں تالاب‘ کنٹوں اور گذرگاہوں کوبہتر بنانے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ شہر ‘ رنگاریڈی اور میڑچل میں مطلع ابر آلود ہونے کے علاوہ بارش ریکارڈ کی جارہی ہے۔