تلنگانہ پراجیکٹس پر سپریم کورٹ میں درخواست

   

Ferty9 Clinic

آندھراپردیش کی جگن حکومت کا فیصلہ
حیدرآباد: 13 جولائی (سیاست نیوز) آندھراپردیش حکومت نے تلنگانہ کے آبپاشی پراجیکٹس کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ کرشنا ریور مینجمنٹ بورڈ کے قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تلنگانہ حکومت نے ہائیڈل پاور جنریشن کا آغاز کیا ہے۔ آندھراپردیش کا دعوی ہے کہ پراجیکٹس میں پانی کی سطح میں کمی کے باوجود برقی کی تیاری سے آندھراپردیش کو پانی کی سربراہی متاثر ہوگی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق حکومت نے آندھراپردیش کے پراجیکٹس کی تفصیلات اور واٹر بورڈ کے قواعد کا حوالہ دیتے ہوئے پٹیشن تیار کیا ہے جو عنقریب سپریم کورٹ میں داخل کیا جائے گا۔ چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کی صدارت میں منعقدہ اعلی سطحی اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ حکومت نے جورالہ، سری سیلم اور ناگرجنا ساگر پراجیکٹس میں ہائیڈل جنریشن کا آغاز کیا جسکے خلاف آندھراپردیش نے ریور بورڈ سے شکایت کردی ہے۔ واضح رہے کہ آبی تنازعہ دونوں ریاستوں کے درمیان شدت اختیار کرتا جارہا ہے اور دونوں حکومتوں نے ایک دوسرے کے خلاف ریور بورڈ اور گرین ٹریبیونل میں شکایت کی ہے۔