تلنگانہ پولیس کے عوام دوست طریقہ کار کے مثبت نتائج

,

   

رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ کی نئی عمارت کی افتتاح‘ عصری ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور‘ وزیر داخلہ محمود علی کا خطاب

حیدرآباد 17 فروری (سیاست نیوز) ریاستی وزیرداخلہ جناب محمد محمود علی نے آج رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ کی نئی تعمیر کردہ عمارت کا افتتاح کیا۔ اِس موقع پر اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ پولیس نے عوام دوست رویہ اختیار کیا ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ پولیس کے اِس رویہ سے عوام پولیس اسٹیشن پہونچ کر بلاخوف شکایتیں درج کروارہے ہیں۔ وزیرداخلہ نے کہاکہ تلنگانہ پولیس کے عوام دوست رویہ کے پیش نظر پولیس عملہ کے طرز عمل میں بھی تبدیلی واقع ہوئی ہے اور اس کے لئے پولیس عہدیداروں کو تربیت بھی دی گئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاستی پولیس کی جانب سے صفر جرائم کا نشانہ رکھا گیا ہے اور اس سلسلہ میں گٹکھا، قماربازی، مٹکہ اور دیگر غیرقانونی سرگرمیوں کو سختی سے کچل دیا جارہا ہے۔ اِسی طرح محکمہ پولیس نے ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعہ ماڈرن پولیسنگ میں کامیابی حاصل کی ہے۔ لاء اینڈ آرڈر کی برقراری کے نتیجہ میں ہی ریاست کی ترقی ممکن ہے۔ نریڈمیٹ علاقہ میں تعمیر کردہ نئے کمشنریٹ کے افتتاح کے موقع پر اُنھوں نے کہاکہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں بھی پولیس نے ایک نئے اقدام ’’جاب کنیکٹ‘‘ کا بھی آغاز کیا ہے جس سے سینکڑوں بے روزگار نوجوانوں کو روزگار حاصل ہورہا ہے۔

اِس موقع پر ڈائرکٹر جنرل پولیس مسٹر مہندر ریڈی نے کہاکہ رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ کے قیام کے بعد سے رچہ کنڈہ پولیس عوام کے لئے 24 گھنٹے دستیاب ہے اور فی الفور لاء اینڈ آرڈر مسائل کی یکسوئی کی جاسکے۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاستی پولیس نمایاں سرویس فراہم کررہی ہے۔ اِس موقع پر اُنھوں نے کہاکہ تشکیل تلنگانہ کے بعد سے ہی چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے عوام کی سلامتی اور اُن کے تحفظ کے لئے محکمہ پولیس کو مستحکم کرنے کے لئے کئی اقدامات کئے ہیں جس میں عصری ٹیکنالوجی کا استعمال بھی شامل ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاستی چیف منسٹر نے عوام کو معیاری خدمات فراہم کرنے کے لئے نئے کمشنریٹس بھی قائم کئے گئے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاست بھر میں 11 ہزار پولیس پٹرولنگ گاڑیاں 24 گھنٹے سڑکوں پر گشت کررہی ہیں اور عوام کے تعاون سے پولیس لاء اینڈ آرڈر کی برقراری میں کامیاب ہوئی ہے۔ اُنھوں نے عوام دوست رویہ کی ایک مثال دیتے ہوئے کہاکہ ریاست میں نصب کئے گئے لاکھوں سی سی ٹی وی کیمروں سے جرائم پر کافی حد تک قابو پایا گیا جس میں عوام کا بھرپور تعاون شامل ہے۔ اِس موقع پر کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مسٹر مہیش مرلی دھر بھاگوت نے رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہاکہ نئے کمشنریٹ کی تعمیر کے لئے حکومت نے 86 ایکر اراضی مختص کی ہے جس میں 53 ایکر پولیس کمشنریٹ کیلئے اور 33 ایکر آرمڈ ریزرو ہیڈکوارٹر کے لئے ہوگی جو یادادری میں ہوگی۔ اُنھوں نے کہاکہ رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ ریاست کا ریاست کا پہلا کمشنریٹ ہے جس میں اڈوانس ریکارڈ مینجمنٹ کے ذریعہ ریکارڈس محفوظ کرنے کا کام کیا گیا ہے اور کسی بھی ناگہانی صورتحال میں پولیس ریکارڈ 100 فیصد محفوظ ہے۔ اِس موقع پر پولیس ہاؤزنگ کارپوریشن کے چیرمین کے دامودر، رکن اسمبلی حلقہ میڑچل سی ایچ ملاریڈی اور دیگر پولیس عہدیدار موجود تھے۔