تلنگانہ: پچھلے 32سالوں سے بارش کا پانی پینے کیلئے استعمال۔ بہتر صحت کاراز۔ بارش کے پانی کے فوائد و مزہ الفاظ میں بیان نہیں کرسکتا: پوناڈا وسنت کمار

,

   

حیدرآباد: بارش کا پانی قدرت کی ایک عظیم نعمت ہے۔ بارش کا پانی صاف و شفاف ہوتا ہے جو ہمارے جسم کیلئے انتہائی نفع بخش ہوتا ہے۔ آج ہم آپ کا ایک ایسی شخصیت سے تعارف کروانا چاہتے ہیں جوپچھلے 32 سالوں سے بارش کے پانی کو پینے کا ذخیرہ کرتے ہوئے اسے پینے اور پکانے کیلئے استعمال کرتے ہیں۔

قدرت کی اس عظیم نعمت سے بھر پور فائدہ اٹھانے والے کا نام پوناڈا وسنت کمار ہے۔ یہ تلنگانہ ریاست کے سنگاریڈی ٹاؤن کے متوطن ہیں۔ وہ بینک ملازمت سے سبکدوش ہیں۔ مسٹر وسنت کمار نے بتایا کہ وہ پچھلے 32 سالوں سے بارش کے پانی کا ڈراموں میں ذخیرہ کرلیتے ہیں۔ وہ اپنے گھر کی چھت اور بالکونی میں ایک ایسا سسٹم بنایا ہے جس سے بارش کا پانی ان ڈراموں میں جاگرتا ہے۔ اس کے بعد ان ڈراموں میں وہ پھٹکری ڈال دیتے ہیں جس سے دھول وغیرہ ڈراموں کی تہہ میں بیٹھ جاتی ہے اور پھر اس پانی کو استعمال کرلیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ میں پچھلے 32سالوں سے اس طرح کا ہی پانی پیتا ہوں اور دیگر پانی کا استعمال نہیں کرتا۔ میرے صحت مند ہونے کی یہی وجہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ میں اس پانی کو پکانے کیلئے بھی استعمال کرتا ہوں۔ بینک کی ملازمت سے سبکدوش ہوکر چھ سال ہوگئے ہیں آج بھی میں تندرست و صحت مند ہوں۔انہوں نے بتایا کہ وہ روزانہ پیدل چلتے اور سیکل بھی چلاتے ہیں۔ مجھے اس عمر میں بھی کوئی بیماری نہیں ہے۔ نہ مجھے جوڑوں کا درد ہے،نہ بی پی اور نہ ذیابطیس۔ بارش کا پانی ہمارے لئے قدرت کی عظیم دولت ہے لیکن بدقسمتی سے ہم اس سے استفادہ نہیں کرتے۔ میں بارش کے پانی کے فائدے اور اس کا مزہ الفاظ میں بیان نہیں کرسکتا۔“ مسٹر وکمار ہر سال بارش کا بے صبری سے انتظار کرتے ہیں۔