تلنگانہ کابینہ کا آج اہم اجلاس، لاک ڈاؤن اور دیگر امور پر خصوصی بات چیت متوقع

,

   

حیدرآباد: چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کی صدارت میں آج پرگتی بھون میں 2 بجے دن ایک نہایت خصوصی اجلاس منعقد ہونے والا ہے جس میں ریاست میں لاک ڈاؤن کے علاوہ دیگر اہم معاملات پر خصوصی بات چیت ہوگی۔ ذرائع کے مطابق اس اجلاس میں غیر کنٹینٹمنٹ زونس میں لاک ڈاؤن کو ختم کرنے کا فیصلہ ہونے کی توقع ہے۔ شراب کی دکانات کھولنے کے تعلق سے بھی بات چیت کی جائے گی۔ مرکزی حکومت کی جانب سے شراب کی دکانات کھولنے کے احکام کے بعد ملک کے مختلف ریاستوں میں شراب کی دکانات پر ہجوم امڈ پر پڑا۔

واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے لاک ڈاؤن میں دو ہفتے کی توسیع کردی ہے۔ علاوہ ازیں چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ میں مقیم بہار و دیگر مقامات کے مزدوروں کو خصوصی ٹرین کے ذریعہ ان کے گھر روانہ کرنے حکام کو ہدایت دی ہے۔ اس سلسلہ میں 40 خصوصی ٹرینیں چلائی جائیں گی۔ کے سی آر نے کہا کہ تلنگانہ کے مختلف اضلاع جن میں حیدرآباد، ورنگل، کھمم،دامارچر اور دیگر مقامات سے ٹرینیں چلائی جائیں گی۔ یہ ٹرینیں بہار کے علاوہ اڑیشہ، جھارکھنڈ، مغربی بنگال اور دیگر ریاستوں کو پہنچے گی۔ مائیگرینٹس اسپیشل ٹرین سے اپنے وطن پہنچنے کیلئے مقامی پولیس اسٹیشن میں اپنے ناموں کے ساتھ دیگر تفصیلات کا اندارج کروادیا ہے۔ چیف منسٹر نے اعلی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ مائیگرینٹس کے ساتھ تعاون کریں۔