تلنگانہ کانگریس قائدین کی گورنر ڈاکٹر سوندرا راجن سے ملاقات

   

سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے یادداشت، آر ٹی سی کا حکومت میں انضمام کانگریس کی کامیابی
حیدرآباد۔یکم؍ اگسٹ ، ( سیاست نیوز) سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا کی قیادت میں کانگریس قائدین کے وفد نے آج گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن سے ملاقات کی اور تلنگانہ میں بارش اور سیلاب کے متاثرین کے مسائل سے واقف کرایا۔ کانگریس وفد نے متاثرین کیلئے راحت اور بازآبادکاری کیلئے حکومت کو ہدایت دینے کی درخواست کی۔ بھٹی وکرامارکا کے ہمراہ اے آئی سی سی سکریٹری اور رکن اسمبلی سریدھر بابو، ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ، انجن کمار یادو، سابق صدر پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا، نائب صدر پردیش کانگریس ملو روی اور دیگر قائدین موجود تھے۔ بھٹی وکرامارکا نے الزام عائد کیا کہ متاثرین کو امداد فراہم کرنے میں حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر میں خامیوں کے سبب سیلاب کی صورتحال مزید ابتر ہوگئی اور کئی علاقے زیر آب آگئے۔ گذشتہ دس دنوں سے جاری بارش کے نتیجہ میں کسانوں اور عام آدمی کو بھاری نقصان ہوا ہے۔ گورنر سے درخواست کی گئی کہ وہ امدادی کاموں کیلئے حکومت کو ہدایت دیں۔ گورنر نے سیلاب کی تباہ کاریوں پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ عنقریب متاثرہ علاقوںکا دورہ کریں گے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ حکومت نے انجینئرس اور ماہرین کے مشوروں کو نظرانداز کردیا جس کے نتیجہ میں آبپاشی پراجکٹس کی تکمیل نقائص سے پُر ہے۔ کے سی آر نے اپنے سیاسی مقاصد کی تکمیل کیلئے پراجکٹس کی تعمیر کی جس میں بھاری کمیشن حاصل کیا گیا۔ گورنر کو بتایا گیا کہ ریاست کے قبائیلی اور جنگلاتی علاقے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ آر ٹی سی کو حکومت میں ضم کرنے کا فیصلہ کانگریس کی کامیابی ہے۔ کے سی آر نے سابق میں صاف لفظوں میں کہہ دیا تھا کہ آر ٹی سی کو حکومت میں ضم نہیں کیا جاسکتا۔ کانگریس برسراقتدار آنے پر ضم کرنے سے متعلق اعلان کے بعد کے سی آر نے سیاسی مقصد براری کیلئے بحالت مجبوری یہ فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کے سی آر کا پرانا ویڈیو میڈیا کے روبرو پیش کیا جس میں وہ آر ٹی سی کے انضمام کا مطالبہ کرنے والی کانگریس اور دیگر پارٹیوں پر تنقید کررہے ہیں۔