ہائی کمان سے یاترا کو اصولی منظوری ۔ ریونت ریڈی یا ملوبٹی کے نام زیر غور۔ ڈسمبر میں آغاز کا امکان
حیدرآباد ۔ 26 نومبر (سیاست نیوز) کانگریس لیڈر راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کو ملنے والی عوامی تائید سے ایسا لگتا ہے کہ سیاسی قائدین اب یاتراؤں کو ترجیح دینگے ۔ آندھرا پردیش میں تلگودیشم لیڈر نارا لوکیش نے پدیاترا کا اعلان کیا ہے تو تلنگانہ میں خود کانگریس پارٹی بھی الگ سے یاترا پر غور کر رہی ہے ۔ ریاست میں مسلسل ناکامیوں کا سامنا کرنے والی کانگریس پارٹی عوام کے درمیان پہنچنے کی حکمت عملی تیار کررہی ہے۔ پدیاترا کی جائے یا بس یاترا کا اہتمام کیا جائے اس کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ اسمبلی انتخابات کیلئے صرف ایک سال کا وقت باقی رہ گیا ہے۔ لہذا کوئی نہ کوئی قطعی فیصلہ کرکے ماہ ڈسمبر سے یاترا شروع کرنے کے منصوبے کو قطعیت دی گئی ہے۔ علیحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد کانگریس کو مسلسل ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور ساتھ ہی کانگریس ارکان اسمبلی ارکان کونسل اور دیگر قائدین نے سیاسی وفاداریاں تبدیل کرکے کانگریس کے ابھرنے رکاوٹیں پیدا کردی ہے۔ دوباک اور حضورآباد اسمبلی حلقوں کے ضمنی انتخابات میں بی جے پی نے ٹی آر ایس سے اس کی نشستیں چھین لی ہیں۔ کانگریس کی نشست منوگوڑ کے ضمنی انتخاب میں دوسرے مقام پر رہتے ہوئے بی جے پی نے خود کو ریاست میں ٹی آر ایس کا متبادل ہونے کا عوام میں پیغام پہنچانے میں کامیابی حاصل کی ۔ اس کے بعد بی جے پی نے کانگریس کے سینئر قائدین کو بی جے پی میں شامل کرنے آپریشن کمل کا آغاز کردیا جس کے بعد کانگریس ہی تلنگانہ میں ٹی آر ایس کی متبادل ہونے کا یقین دلانے کانگریس قائدین نے کوئی نہ کوئی یاترا شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تلنگانہ کانگریس قائدین نے یاتراوں کے بارے میں ہائی کمان کو اطلاع دی ہے جس کو ہائی کمان نے اصولی منظوری دی ہے۔ اگر بس یاترا کا اہتمام کیا جاتا ہے تو 10 قائدین کے ساتھ ریاست کا دورہ کرکے پارٹی کے تمام قائدین متحد ہونے کا پیغام دیا جائیگا۔ بس یاترا کے اختتام کے بعد پدیاترا کی بھی تجویز ہے۔ تاہم بعض قائدین کا کہنا ہیکہ بس یاترا نہیں رہے گی پدیاترا رہے گی۔ پدیاترا کون کریں اس پر بھی کانگریس قائدین کی رائے منقسم ہے۔ کانگریس ہائی کمان نے جن ریاستوں میں راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا مکمل ہوگئی ہے وہاں کانگریس قائدین کو پدیاترا کے احکام جاری کئے ہیں۔ کرناٹک و کیرالا میں پردیش کانگریس صدور اور کانگریس مقننہ قائدین نے ایک جگہ مل کر دوسری جگہ علیحدہ پدیاترا کرنے والے ہیں۔ تلنگانہ میں ریونت ریڈی یا بٹی وکرامارک دونوں میں کون پدیاترا کریں۔ یا الگ الگ یاترا کریں اس پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔ چند قائدین وکرامارک کو پدیاترا اور دیگر امور ریونت ریڈی کو دیکھنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔ چند ریونت ریڈی کی حمایت کررہے ہیں، ایسے میں پارٹی ہائی کمان کا فیصلہ قطعی مانا جارہا ہے۔ ن