تلنگانہ کنٹینمنٹ زونس میں لاک ڈاون میں 30 جون تک توسیع

,

   

غیر کنٹینمنٹ زونس میں 7 جون تک رعایتوں کے ساتھ لاک ڈاون ۔ بین ریاستی سفر کی اجازت ۔ کے سی آر

رات 9 بجے صبح 5 بجے تک کرفیو
مرکز کے رہنما خطوط پر عمل

حیدرآباد 31 مئی ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ حکومت نے آج ریاست کے کنٹینمنٹ زونس میں لاک ڈاون میں 30 جون تک توسیع کردی ہے جبکہ بین ریاستی سفر پر امتناع بھی برخواست کردیا گیا ہے ۔تاہم غیر کنٹینمنٹ زونس میں جو کچھ تحدیدات عائد ہیں وہ 7 جون تک برقرار رہیں گی ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے چیف سکریٹری سومیش کمار ‘ ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی اور دوسرے سینئر عہدیداروں کے ساتھ آج ایک جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے صورتحال پر غور کیا ۔ انہوں نے مرکز کی جانب سے کورونا وائرس لاک ڈاون میں جاری کردہ نئے رہنما خطوط کا تفصیلی جائزہ لیا اور کہا کہ ریاست میں ان رہنما خطوط پر عمل آوری کی جائیگی ۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ کنٹینمنٹ زونس میں لاک ڈاون پر سحتی سے عمل آوری کو یقینی بنائیں۔ ایک سرکاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ رات کا کرفیو رات 9 بجے سے صبح 5 بجے تک رہے گا ۔ دوکانوں کو تاہم رات 8 بجے تک ہی کھلا رکھنے کی اجامت دی جائے گی ۔ کے سی آر نے کہا کہ اب تلنگانہ میں بین ریاستی سفر پر کوئی پابندی نہیں ہوگی ۔ سرکاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ آج کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ کنٹینمنٹ زونس کے باہر کے علاقوں میں لاک ڈاون کے آرڈرس جو کچھ نرمیوں کے ساتھ لاگو ہیں وہ 7 جون تک برقرار رہیں گے اور یہاں عوام کی نقل و حرکت پر رات 9 بجے سے صبح 5 بجے تک پابندی رہے گی ۔

ان اوقات میں ایمرجنسی میڈیکل ضروریات کیلئے استثنی ہوگا ۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ رات 8 بجے کے بعد فارمیسی اور ہاسپٹل کے علاوہ کوئی دوکان یا تجارتی ادارہ کھلا نہیں رہے گا ۔ مزید کہا گیا ہے کہ عوام کی بین ریاستی نقل و حرکت پر کوئی پابندی نہیں ہوگی اور اس کیلئے اب کوئی علیحدہ اجازت نامہ ضروری نہیں ہوگا ۔ کنٹینمنٹ زونس کے تعلق سے کہا گیا ہے کہ سابقہ لاک ڈاون آرڈرس پر جو عمل ہو رہا ہے وہ 30 جون تک برقرار رہے گا ۔ تلنگانہ آر ٹی سی کے ایک سینئر عہدیدر نے کہا کہ حکومت نے ابھی بین ریاستی بس خدمات کی بحالی کے تعلق سے کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے ۔ 27 مئی کو ہی چندر شیکھر راو نے کئی رعایتوں کے ساتھ لاک ڈاون میں 31 مئی تک توسیع کردی تھی جس کے مطابق حیدرآباد میں مالس کے سوا تمام دوکانوں کو کھولنے کی اجازت دیدی گئی تھی ۔ کہا گیا ہے کہ آر ٹی سی کی جن بسوں کو چلانے کی اجازت دیدی گئی ہے انہیں رات کے کرفیو سے راحت رہے گی تاکہ وہ اپنے مقامات روانہ ہوسکیں۔ اس کے علاوہ ٹیکسی ‘ آٹوز اور دوسری مسافر گاڑیوں کو بھی خدمات کی اجازت دیدی گئی ہے ۔