تلنگانہ :کورونا متاثرین کی تعداد 33ہوگئی

   

سرکاری دواخانوں میں 31مارچ تک او پی خدمات بند : ای راجندر

حیدرآباد23 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 33ہوچکی ہے اور حکومت ان سے نمٹنے اقدامات کر رہی ہے ۔ وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے خانگی دواخانوں اور میڈیکل کالجس کے ذمہ داروں کے ہمراہ اجلاس کے بعد میڈیا سے بتایا کہ حکومت نے اس مرض پر قابو پانے خانگی میڈیکل کالجس کے ذمہ داروں کو چوکس رہنے کی ہدایت دی تھی اور آج اجلاس میں جائزہ لیا کہ خانگی دواخانوں میں کتنے بستر ہیں۔ راجندر نے بتایا کہ تلنگانہ میں جملہ 1540 بستر خانگی دواخانوں میں ہیں جنہیں کسی بھی وقت استعمال کیاجاسکتا ہے۔انہوں نے سرکاری دواخانو ں میںآؤٹ پیشنٹ خدمات کو 31مارچ تک بند کرنے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے کوشش کی جا رہی ہے کہ خانگی دواخانو ں میں علاج کی سہولت کو بہتر بنایاجاسکے۔انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج وہ خود نہیں کرسکتے اور نہ اس کا کوئی گھریلو ٹوٹکوں میں علاج ہے اسی لئے حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ نہ صرف برسر خدمت ڈاکٹرس بلکہ پی جی طلبہ کی خدمات حاصل کی جائیں اور طبی عملہ کو متحرک رکھتے ہوئے ہر مریض کی دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت ان 20 ہزار افراد پر نظر رکھے ہوئے ہے جو حال میں بیرون ملک سے واپس ہوئے ہیں اور ان کی طبی نگہداشت کی جارہی ہے ۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ خود کو گھروں میں رکھیں کیونکہ اس بیماری کا علاج سماجی فاصلہ اختیار کرنے کے علاوہ کچھ اور نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہر کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع سے شکایات کے پیش نظر وزارت صحت نے فیصلہ کیا ہے کہ موجودہ 40 فون لائنو ںمیں 20 کا اضافہ کیا جائے اور اس طرح اب 104 پر 60 فون لائن کام کریں گی ۔ انہوںنے بتایا کہ ہر خانگی دواخانہ کیلئے آر ڈی او سطح کے عہدیدار کو نامزد کیا جائیگا تاکہ کورونا وائرس کے متاثرین کے علاج و محکمہ صحت و دواخانہ کے درمیان رابطہ کار موجود رہے۔