تلنگانہ ‘ کورونا کے مزید 1,850 کیس ‘ 5 اموات

,

   

۔1,572 کا گریٹر حیدرآباد سے تعلق ۔ 1,342 مریض صحتیابی کے بعد ڈسچارج
حیدرآباد ۔ تلنگانہ اور گریٹر حیدرآباد کے حدود میں کورونا کے شدت سے پھیلاو کا سلسلہ جاری ہے اور آج ایک دن میں ریاست بھر میں 1,850 نئے کورونا پازیٹیو کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ ان میں گریٹر حیدرآباد حدود میں سب سے زیادہ متاثرین ہیں۔ یہاںآج ایک دن میں جملہ 1,572 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایک بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ آج جملہ 6,427 معائنے کئے گئے جن میں 4,577 کی رپورٹ نگیٹیو آئی ہے جبکہ 1,850 کی رپورٹ پازیٹیو آئی ہے۔ آج کے تازہ کیسوں کے بعد جملہ متاثرین کی تعداد 22,312 ہوگئی ہے۔ آج ایک دن میں کورونا سے پانچ اموات کی اطلاع ہے جس کے نتیجہ میںریاست میں اب تک مرنے والوں کی تعداد 288 ہوگئی ہے ۔ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ آج جملہ 1,342 مریضوں کو علاج اور صحتیابی کے بعد ڈسچارج کردیا گیا ہے جس سے اب تک صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 11.537 ہوگئی ہے جبکہ مزید 10,487 مریض مختلف دواخانوں میں زیر علاج ہیں۔ آج جو 1,850 تازہ کیس رپورٹ ہوئے ہیں ان میں 1,572 کا تعلق گریٹر حیدرآباد حدود سے بتایا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ 92 کیس رنگا ریڈی سے اور 53 کیس میڑچل سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ ورنگل اربن سے 31 کیس نظام آباد سے 17 کیس ‘ کریمنگر سے 18 ‘ نلگنڈہ سے 10 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ سنگاریڈی سے 8 ‘ محبوب نگر اور جگتیال سے پانچ پانچ ‘ کھمم سے 7 ورنگل رورل سے 6 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ راجنا سرسلہ ‘ کتہ گوڑم ‘ جنگاوں اور وقار آباد سے تین تین ‘ جئے شنکر بھوپال پلی سے چار اور نرمل ‘ میدک اور بھونگیر سے ایک ایک کیس رپورٹ ہوا ہے ۔