تلنگانہ ‘ کورونا کے 143 نئے کیس :8 اموات

,

   

حیدرآباد 5 جون ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ میں آج جمعہ کو بھی کورونا وائرس کے کیسوں میں زبردست اضافہ درج ہوا ہے اور 143 نئے پازیٹیو کیس سامنے آئے ہیں۔ ا س طرح ریاست میں اب تک کے جملہ متاثرین کی تعداد 3,290 تک جا پہونچی ہے ۔ علاوہ ازیں آج ایک دن میں کورونا سے 8 اموات کی بھی اطلاع ہے اور اب تک ریاست میں جملہ اموات 113 ہوگئی ہیں۔ جو تمام تازہ پازیٹیو کیس ہیں وہ تمام مقامی ہیں اور ریاست کے مختلف مقامات پر درج ہوئے ہیں۔ ان میں کوئی بھی مائیگرنٹ یا بیرون ملک سے آنے والا شخص شامل نہیں ہے ۔ ریاستی حکومت کے ایک بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ آج کے تازہ 143 پازیٹیو کیسوں میں 116 کا تعلق جی ایچ ایم سی حدود سے ہے جبکہ آٹھ مریض رنگا ریڈی سے اور 5 محبوب نگر سے تعلق رکھتے ہیں۔ ورنگل سے تین کیسوں کی اطلاع ہے جبکہ کھمم ‘ عادل آباد ‘ میڑچل ‘ سنگاریڈی اور کریمنگر سے دو دو کیسوں کی اطلاع ہے ۔ ایک کیس منچریال سے رپورٹ ہوا ہے ۔ ریاست میں اب تک جملہ 1627 مریضوں کو علاج و صحتیابی کے بعد گھروں کو بھیج دیا گیا ہے جبکہ اب بھی 1550 مریض مختلف دواخانوںمیں زیر علاج ہیں۔