تلنگانہ کو فلم انڈسٹری کے قومی مرکز میں تبدیل کرنے کے اقدامات

   

نیشنل فلم ایوارڈ یافتہ شخصیتوں کو چیف منسٹر ریونت ریڈی نے تہنیت پیش کی
حیدرآباد 19 اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہاکہ حیدرآباد فلموں کی تیاری کے معاملہ میں عنقریب ملک کے اہم مرکز میں تبدیل ہوجائے گا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ تلنگانہ حکومت حیدرآباد کی ترقی کے ساتھ ساتھ اُسے فلم میکنگ کے شعبہ میں ملک کے اہم مرکز میں تبدیل کرنے کے اقدامات کررہی ہے۔ چیف منسٹر نے فلم انڈسٹری کو حکومت کی جانب سے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔ 71 ویں نیشنل فلم ایوارڈس میں مختلف شعبہ جات کے تحت ایوارڈ حاصل کرنے والی شخصیتوں میں چیف منسٹر سے اُن کی قیامگاہ پر ملاقات کی۔ چیف منسٹر نے نیشنل فلم ایوارڈ یافتگان کو تہنیت پیش کی۔ اِس موقع پر فلم پروڈیوسرس نے فلموں کی تیاری کے سلسلہ میں درپیش مسائل سے چیف منسٹر کو واقف کرایا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ حکومت فلموں کی تیاری کے لئے ہر سطح پر تعاون کرے گی تاکہ تلنگانہ کو فلم انڈسٹری کے اہم مرکز میں تبدیل کیا جائے۔ چیف منسٹر نے جن فلمی شخصیتوں کو قومی ایوارڈ ملنے پر تہنیت پیش کی اُن میں بھگونت کیسری فلم کے ڈائرکٹر انیل روی پوڈی، فلم ہنومان کے ڈائرکٹر پرشانت ورما، ہنومان فلم کی ویژول افیکٹ ٹیم کے ارکان وینکٹ اور سرینواس، فائٹ ماسٹرس نندو اور پرتھوی، بے بی فلم کے ڈائرکٹر سائی راجیش اور سنگر روہت شامل ہیں۔ ہنومان فلم کے پروڈیوسرس چیتنیا ریڈی، نرنجن ریڈی، بے بی فلم کے پروڈیوسر ایس کے این، بھگونت کیسری کے پروڈیوسر جی ساہو اور دیگر فلمی شخصیتیں موجود تھیں۔ چیف منسٹر نے فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن اور وزارت سیاحت کے ذریعہ تلنگانہ میں فلم انڈسٹری کے فروغ کے اقدامات سے واقف کرایا۔ اُنھوں نے فلمی شخصیتوں کو مشورہ دیا کہ وہ کسی بھی مسئلہ کی صورت میں اُن سے راست طور پر رجوع ہوں۔1