تلنگانہ کو مرکز سے آکسیجن، ویکسین اور انجکشن کے کوٹہ میں اضافہ کا فیصلہ

   

مرکزی وزیر پیوش گوئل کی چیف منسٹر کے سی آر سے فون پر بات چیت، کورونا سے نمٹنے مکمل تعاون کا پیشکش

حیدرآباد۔ مرکزی حکومت نے تلنگانہ کو آکسیجن ، ریمیڈیسیور انجکشن اور ویکسین کی سربراہی کے کوٹہ میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے۔ مرکزی وزیر ریلویز پیوش گوئل نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو فون پر اس بات کی اطلاع دی۔ مرکزی وزیر نے چیف منسٹر کو بتایا کہ تلنگانہ کو ریمیڈیسیور انجکشن کی سربراہی میں پیر کے بعد سے اضافہ کیا جائے گا۔ 5500 سے 10500 انجکشنس کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔ مرکز نے تلنگانہ کو آکسیجن کی طلب میں اضافہ محسوس کرتے ہوئے مزید 200 ٹن آکسیجن کی سربراہی کا فیصلہ کیا ہے۔ مرکزی وزیر نے چیف منسٹر کو بتایا کہ تلنگانہ کو آکسیجن کی ضرورت کی تکمیل چھتیس گڑھ، اوڈیشہ اور مغربی بنگال سے کی جائے گی۔ پیوش گوئل نے چیف منسٹر سے درخواست کی کہ وہ سربراہی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کریں۔مرکزی وزیر نے چیف منسٹر کے اس مطالبہ کو تسلیم کرلیا کہ ویکسین کے کوٹہ میں اضافہ کیا جائے۔ مرکزی وزیر نے چیف منسٹر سے خواہش کی کہ دوسری خوراک والے افراد کو ٹیکہ اندازی میں ترجیح دی جائے۔ چیف منسٹر نے مرکزی وزیر کو بتایا کہ تلنگانہ میں دوسری خوراک کو ترجیح دی جارہی ہے۔ مرکزی وزیر نے چیف منسٹر کو بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے انہیں اس بات کی ہدایت دی ہے کہ تلنگانہ میں کورونا پر قابو پانے کیلئے ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں آکسیجن ، ریمیڈیسیور اور ویکسین کی مقدار میں اضافہ کیا جائے۔ مرکزی حکومت کے اس فیصلہ سے تلنگانہ میں کورونا مریضوں کے علاج میں مدد ملے گی اور حکومت کے بوجھ میں کمی آئے گی۔