تلنگانہ کو مزید 1172 عازمین کا اضافی کوٹہ

,

   

سعودی عرب کی اضافی منظوری سے 821 اور ویٹنگ لسٹ سے 43 نشستیں،جملہ 1170 تک ویٹنگ لسٹ منظور
حیدرآباد ۔ 18۔ اپریل (سیاست نیوز) حج 2019 ء کیلئے تلنگانہ کو مزید 864 عازمین کا کوٹہ الاٹ ہوا ہے ۔ اس طرح اب تک جملہ 1172 عازمین کا اضافی کوٹہ تلنگانہ کو الاٹ ہوا۔ پرنس محمد بن سلمان کے دورہ ہند کے موقع پر انہوں نے 25,000 عازمین کا اضافی کوٹہ ہندوستان کیلئے الاٹ کیا تھا۔ مرکزی حکومت نے 10,000 نشستیں خانگی ٹور آپریٹرس کو الاٹ کیں اور 14975 نشستیں سنٹرل حج کمیٹی کو الاٹ کی گئیں۔ یہ نشستیں مختلف ریاستوں میں مسلم آبادی کے اعتبار سے تقسیم کی گئیں۔ تلنگانہ کیلئے 821 زائد نشستیں الاٹ کی گئیں۔ تلنگانہ کو پہلے مرحلہ میں ویٹنگ لسٹ کے تحت 309 عازمین کی نشستیں الاٹ ہوئی تھیں جبکہ آج مزید 43 نشستیں الاٹ کی گئیں جو درخواست گزاروں کے سفر حج منسوخ کرنے کی بنیاد پر الاٹ کی گئیں ۔ اس طرح دونوں الاٹمنٹ کو ملاکر تلنگانہ کو جملہ 1172 نشستیں اضافی طور پر حاصل ہوئی ہیں۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر سنٹرل حج کمیٹی ڈاکٹر مقصود احمد خاں نے تمام ریاستی حج کمیٹیوں کو دو علحدہ سرکولرس جاری کرتے ہوئے اضافی الاٹمنٹ کی اطلاع دی ہے۔ پرنس محمد بن سلمان کی جانب سے دی گئی اضافی نشستوں میں 14975 نشستیں 14 ریاستوں میں تقسیم کی گئیں۔ یہ وہ ریاستیں ہیں جہاں مقررہ کوٹہ سے زائد درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔ ڈاکٹر مقصود احمد خاں نے سرکولر نمبر 16 کے ذریعہ اطلاع دی کہ ملک بھر میں 1194 نشستیں سفر حج منسوخ کرنے کے سبب دستیاب ہوئی ہیں۔ ان نشستوں کو 14 ریاستوں میں تقسیم کیا گیا اور تلنگانہ کے حصہ میں 43 نشستیں آئی ہیں ۔ اسی دوران اگزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی ایم اے وحید نے بتایا کہ پہلے مرحلہ میں ایک سے 308 ویٹنگ لسٹ کے عازمین کو طلب کیا گیا تھا ۔ اب 1170 ویٹنگ نمبر تک کے عازمین کو پاسپورٹ جمع کرنے اور سفری اخراجات کی رقم داخل کرنے کی ہدایت دی جائے گی۔ اضافی نشستوں اور ویٹنگ لسٹ کے تحت منتخب ہونے والے عازمین پہلے اور دوسرے مرحلہ کی جملہ رقم دو لاکھ ایک ہزار روپئے فوری طور پر سنٹرل حج کمیٹی کے اکاؤنٹ میں جمع کرادیں۔ یہ رقم چیک یا ایس بی آئی اور یونین بینک کے کسی برانچ میں جمع کی جاسکتی ہے۔ رقم جمع کرنے کے بعد انٹرنیشنل پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات ، میڈیکل اسکریننگ اینڈ فٹنس سرٹیفکٹ کے ہمراہ 2 مئی سے قبل ریاستی حج کمیٹی میں جمع کردیں۔ ریاستی حج کمیٹی 9 مئی سے قبل یہ دستاویزات سنٹرل حج کمیٹی کو روانہ کردے گی۔