تلنگانہ کو نقلی ادویات سے پاک بنانے ڈرگس کنٹرول ایڈمنسٹریشن کی مساعی

   

وزیر صحت دامودھر راج نرسمہا نے سالانہ رپورٹ جاری کی، زائد قیمت پر ادویات کی فروخت روکنے کی ہدایت
حیدرآباد۔یکم؍ جنوری، ( سیاست نیوز) وزیر صحت دامودھر راج نرسمہا نے آج حیدرآباد میں ڈرگس کنٹرول ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری کردہ سالانہ رپورٹ جاری کی۔ ڈرگس کنٹرول ایڈمنسٹریشن کے ڈائرکٹر جنرل کملاسن ریڈی اور دیگر عہدیداروں نے وزیر صحت کو رپورٹ پیش کرتے ہوئے ریاست میں نقلی ادویات، غیرقانونی فروخت اور لائسنس کے بغیر کام کرنے والے کلینکس کے خلاف کارروائیوں سے واقف کرایا۔ دامودھر راج نرسمہا نے کہا کہ حکومت ڈرگس کنٹرول ایڈمنسٹریشن کو مستحکم کرے گی تاکہ ریاست میں ممنوعہ ادویات، نقلی ادویات، زائد قیمت پر فروخت، دیگر ریاستوں سے غیر قانونی منتقلی جیسی سرگرمیوں پر قابو پایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ 2014 میں ڈرگس کنٹرول ایڈمنسٹریشن نے 573 مقدمات درج کئے ہیں جبکہ 2023 میں صرف 56 مقدمات درج کئے گئے تھے۔ انہوں نے نقلی ادویات کی تیاری اور سربراہی کے ذمہ دار اداروں اور کمپنیوں کے خلاف کارروائی پر عہدیداروں کی ستائش کی۔ دامودھر راج نرسمہا نے کہا کہ تلنگانہ کو نقلی ادویات سے نجات دلانے کیلئے حکومت سخت قدم اٹھائے گی۔ انہوں نے ڈرگس کنٹرول ایڈمنسٹریشن عہدیداروں سے کہا کہ وہ ریاست بھر میں اپنی کارروائیوں کو جاری رکھیں تاکہ عوام کو نقلی ادویات سے بچایا جاسکے۔ وزیر صحت نے میڈیکل شاپس، فارمیسی اور ادویات تیار کرنے والی کمپنیوں پر نظر رکھنے کی ہدایت تاکہ نقلی ادویات کے علاوہ اضافی قیمت پر فروخت کو روکا جاسکے۔ حکومت کی جانب سے ڈرگس کنٹرول ایڈمنسٹریشن کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ اس موقع پر جائنٹ ڈائرکٹر رام داس، ڈپٹی ڈائرکٹر راجہ وردھن چاری، پی سرلا اور ڈرگس انسپکٹر گووند سنگھ نائیک، انیل ریڈی اور دوسرے موجود تھے۔1