مستقبل میں راجیہ سبھا میں اقلیتی قائد کی نمائندگی متوقع : الحاج محمد سلیم
حیدرآباد۔2 اگست(سیاست نیوز) چیرمین تلنگانہ حج کمیٹی الحاج محمد سلیم نے ریاست تلنگانہ کے اقلیتوں کو یقین دلایا کہ چیف منسٹر کے چندراشیکھر رائو کی قیادت میں حکومت اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے ساتھ کبھی بھی ناانصافی نہیںکریگی اور کہاکہ جس طرح ماضی میںمسلمانوں کو صرف ووٹ بینک کی طرح استعمال کیاگیا تھا اسی طرح بی آر ایس حکومت اور کے چندرشیکھر رائو مسلمانوں کے ساتھ ہرگز انصاف نہیںکریں گے ۔ انہوں نے روزنامہ سیاست میں تلنگانہ قانون ساز کونسل میں مسلم نمائندگی کے فقدان پر شائع رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ’’اس مرتبہ قانون ساز کونسل کیلئے کسی مسلمان کو امیدوار نہیںبنایا ہے ‘ تو یقینا چیف منسٹر کے ذہن میںمسلم قائدین کیلئے کوئی منصوبہ ضرور ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ مستقبل قریب میںراجیہ سبھا کی نشستوں پر بھی مسلم قائدین کی نامزدگی متوقع ہے ۔ کے چندرشیکھررائو‘ بی آر ایس پارٹی کے کارگذار صدر و وزیرکے ٹی راما رائو اور وزیرفینانس ٹی ہریش رائو کی قیادت میںترقی کی بلندیوں پر ہے۔تلنگانہ میں مسلم اقلیت کے مستقبل کوسنوارنے کیلئے تعلیمی ادارو ں کا قیام بی آر ایس حکومت کا کارنامہ ہے ۔ الحاج محمد سلیم نے کہاکہ حکومت نے ریاست میںعازمین حج کیلئے اب تک کے شاندار انتظامات انجام دئے ہیں۔ عازمین حج کیلئے تمام تر انتظامات جس میں تلنگانہ کے روانگی پوائنٹ سے روانگی بھی شامل ہے تک کی ذمہ داری حکومت کی ہوتی ہے اور 2014کے بعد سے حج 2023تک کے یہ سارے انتظامات حکومت بخوبی انجام دئیے جب کہ عازمین کے اس کے بعد کے سفر کی ذمہ داری مرکزی حکومت پر عائد ہوتی ہے جس میںوہ مسلسل ناکام ہورہی ہے۔ریاست کے مختلف اضلاع میںحج ہاوز کی تعمیر کے متعلق چیرمین تلنگانہ حج کمیٹی نے کہاکہ چیف منسٹر کے چندراشیکھر رائو سے اس خصوص میںنمائندگی کی گئی ہے او ربہت جلد اضلاع میںبھی حج ہاوز کی تعمیر کاکام شروع کیا جائے گا۔محمد سلیم نے کہاکہ یقینا تلنگانہ میںپھر ایک مرتبہ بی آر ایس کی حکومت تشکیل پائے گی اور کے چندراشیکھر رائو کی قیادت میں ترقی کا سلسلہ بدستور جاری رہے گا۔
