اتم کمار ریڈی کا خراج ، حیدرآباد میں مجسمہ نصب کرنے ناگم جناردھن ریڈی کا مطالبہ
حیدرآباد۔7 ۔ اگست (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے قائدین نے سابق وزیر خارجہ اور بی جے پی قائد سشما سوراج کو خراج عقیدت پیش کیا اور ملک کیلئے ان کی غیر معمولی خدمات کی یاد تازہ کی۔ پردیش کانگریس کے صدر اتم کمار ریڈی نے اپنی تعزیتی پیام میں کہا کہ سشما سوراج نے وزیر خارجہ کی حیثیت سے نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا بھر میں اپنی منفرد شناخت بنائی ۔ ان کا گزر جانا ملک کے لئے بھاری نقصان ہے ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے لئے کانگریس پار ٹی کے ساتھ سشما سوراج نے بھی مساعی کی تھی ۔ انہیں تلنگانہ میں چنماں کی طرح شناخت حاصل ہوئی اور ریاست کے عوام انہیں کبھی بھی فراموش نہیں کریں گے۔ پردیش کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر نے اپنے بیان میں کہا کہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے لئے سشما سوراج کے تعاون کو بھلایا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں جب آندھراپردیش تنظیم جدید قانون کی منظوری کا مرحلہ آیا تو سشما سوراج نے بی جے پی کی تا ئید کو یقینی بنایا۔ ایسے قائد کا اچانک دنیا سے گزر جانا تلنگانہ عوام کیلئے دکھ کا باعث ہے۔ انہوں نے سشما سوراج کے ارکان خاندان سے تعزیت اور دکھ کا اظہار کیا۔ اسی دوران سابق وزیر ناگم جناردھن ریڈی نے سشما سوراج کو خراج پیش کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ ریاست کے قیام میں سشما سوراج کا اہم رول رہا ۔ سشما سوراج کو تلنگانہ کے عوام چنماں کے نام سے یاد کرتے ہیں۔ کانگریس نے اگرچہ تلنگا نہ بل پیش کیا لیکن سشما سوراج کی تائید کے سبب بل کو منظوری حاصل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ سشما سوراج نے حیدرآباد کو مرکزی زیر انتظام علاقہ قرار دینے کی سختی سے مخالفت کی تھی ۔ ناگم جناردھن ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کے دیرینہ خواب کی تکمیل میں اہم کردار ادا کرنے والی قائد کا نام سشما سوراج ہے ۔ تلنگانہ عوام انہیں بھلا نہیں پائیں گے ۔ جناردھن ریڈی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حیدرآباد میں سشما سوراج کا مجسمہ نصب کرتے ہوئے انہیں صحیح معنوں میں خراج پیش کریں ۔
