حکومت کے فیصلہ پر سختی سے عمل کرنے وزیر داخلہ محمد محمود علی کی مسلمانوں سے اپیل۔ عید کی مبارکباد
حیدرآباد۔ ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ کورونا کے پیش نظر حکومت نے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے نماز عیدالفطر ، نماز جمعہ کے علاوہ پنجوقتہ نمازوں کیلئے ریاست کی تمام مساجد میں صرف چار افراد کو نمازیں پڑھنے کی اجازت دی جارہی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر کافی تیزی سے پھیل رہی ہے جس کی وجہ سے سماج میں بدامنی و بے چینی کا عالم چھایا ہوا ہے۔ کورونا پر قابو پانے کیلئے تلنگانہ حکومت کی جانب سے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس حصہ کے طور پر ریاست کی تمام مساجد میں صرف چار افراد کو نمازیں ادا کرنے کی اجازت دی جارہی ہے۔ تلنگانہ ہائیکورٹ نے احکامات جاری کرتے ہوئے ریاست بھر میںکسی بھی اجتماعات کی اجازت پر روک لگادی ہے جس کے پیش نظر وہ مسلمانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ نماز عیدالفطر، نماز جمعہ کے علاوہ دیگر تمام نمازیں اپنے اپنے گھروں میں ادا کریں اور اس سلسلہ کو لاک ڈاؤن کی مدت تک برقراررہے گا۔ آئندہ دس دن بعد ریاستی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں مستقبل کے لائحہ عمل کو قطعیت دی جائے گی۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے ملک کے مسلمانوں بالخصوص تلنگانہ کے مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی ۔ سماجی فاصلہ کو برقرار رکھتے ہوئے مصافحہ و معانقہ سے پرہیز کرنے اور فیس ماسک کا استعمال کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ کورونا کا یہ مرض آپسی ملاقاتوں کی وجہ سے ایک دوسرے میں تیزی سے منتقل ہورہا ہے۔ لہذا کوویڈ19 کے رہنمایانہ خطوط پر سختی سے عمل کرنے خود کو گھر کی خواتین اور معصوم بچوں کو اس وباء سے بچانے پہل پر زور دیا۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ حکومت نے مجبوری کی حالت میں 10 دن کا لاک ڈاؤن نافذ کیا ہے کیونکہ ریاست میں کورونا کی وباء تیزی سے پھیل رہی تھی جس کی چین کو توڑنا لازمی ہوگیا تھا۔ تاہم حکومت نے صبح 6 تا10 بجے لاک ڈاؤن میں 4 گھنٹوں کی نرمی دی ہے لہذا اسی دوران عوام اپنی ضروریات کی تکمیل کرلیں۔ 10 بجے کے بعد کوئی گھرو ںسے باہر نہ نکلیں البتہ ادویات کی خریدی اور ہاسپٹلس جانے پر کسی قسم کی روک ٹوک نہیں رہے گی۔ عوام لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل کرکے کورونا کے خاتمہ کی جنگ میں حکومت تلنگانہ سے مکمل تعاون کریں۔