حیدرآباد ۔18 ۔ جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے تین ریاستی یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس کے تقررات کا عمل شروع کردیا ہے۔ تلنگانہ یونیورسٹی، اگریکلچر یونیورسٹی اور راجیو گاندھی یونیورسٹی آف نالج ٹکنالوجیز باسر کے وائس چانسلر کے تقرر کے سلسلہ میں چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی تھی جس کے بعد قواعد کے تحت کارروائی شروع کی گئی ہے۔ وائس چانسلرس کے تقرر میں تاخیر کے سبب حکومت نے عہدیداروں کو انچارجس کے طور پر مقرر کیا ہے جس کے سبب یونیورسٹیز کی کارکردگی متاثر ہوئی ہے۔ تلنگانہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر رویندر کو اینٹی کرپشن بیورو نے گزشتہ سال 15 جون کو امتحانی سنٹر کے خانگی کالج میں الاٹمنٹ کیلئے 50 ہزار روپئے کی رشوت قبول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا تھا، انہیں جیل بھیج دیا گیا تھا اور وہ ضمانت پر رہا ہوئے۔ محکمہ تعلیم کی سکریٹری اور کمشنر کالجیٹ ایجوکیشن وی کرونا کو تلنگانہ یونیورسٹی کا انچارج مقرر کیا گیا ۔ 1
سکریٹریٹ میں اپنی غیر معمولی مصروفیات کے نتیجہ میں وہ یونیورسٹی کے امور پر توجہ دینے سے قاصر ہے۔ حال ہی میں آئی اے ایس عہدیداروں کے تبادلوں کے بعد وی کرونا کی جگہ بی وینکٹیشم کو انچارج وائس چانسلر مقرر کیا ہے۔ یونیورسٹیز کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے حکومت جلد از جلد تقررات کا فیصلہ کرچکی ہے۔ دیگر ریاستی یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس کی میعاد مارچ میں ختم ہوگی۔ 1