13 مارچ تک پرچہ نامزدگی کا ادخال، 26 مارچ کو رائے دہی
حیدرآباد ۔25۔ فروری (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ملک کی 17 ریاستوں کی 55 لوک سبھا نشستوں کے لئے انتخابی شیڈول جاری کیا ہے ۔ 55 ارکان راجیہ سبھا کی میعاد اپریل میں ختم ہورہی ہے۔ جن 17 ریاستوں میں راجیہ سبھا کی نشستوں کے لئے الیکشن ہوگا ، ان میں تلنگانہ ، آندھراپردیش ، مہاراشٹرا ، ٹاملناڈو ، مغربی بنگال ، آسام ، بہار ، مدھیہ پردیش ، راجستھان اور دیگر ریاستیں شامل ہیں۔ تلنگانہ میں دو اور آندھراپردیش میں 4 راجیہ سبھا نشستوں کی میعاد 9 اپریل کو ختم ہورہی ہے۔ 6 ما رچ کو انتخابی اعلامیہ جاری کیا جائے گا ۔ 13 مارچ تک پرچہ جات نامزدگی داخل کئے جاسکتے ہیں۔ 16 مارچ کو پرچہ جات نامزدگی کی جانچ کی جائے گی ۔ 18 مارچ تک نام واپس لئے جاسکتے ہیں۔ 26 مارچ کو صبح 9 تا شام 4 بجے رائے دہی ہوگی۔ اسی دن شام 5 بجے ووٹوں کی گنتی اور نتیجہ کا اعلان کیا جائے گا۔ 30 مارچ سے قبل الیکشن کا مرحلہ مکمل کرلیا جائے گا۔ تلنگانہ سے جن دو ارکان کی میعاد ختم ہورہی ہے ، ان میں کے وی پی راج چندر راؤ اور جی موہن راؤ شامل ہیں جبکہ آندھراپردیش سے محمد علی خاں ، ٹی سبی رامی ریڈی، ٹی سیتارام لکشمی اور کے کیشو راؤ کی میعاد ختم ہورہی ہے۔ آندھراپردیش کی تقسیم کے بعد کیشو راؤ کو آندھراپردیش اور کے وی پی رام چندر راؤ کو تلنگانہ الاٹ کیا گیا۔ محمد علی خاں کا تعلق اگرچہ تلنگانہ سے ہے لیکن ریاست کی تقسیم کے بعد انہیں آندھراپردیش کے لئے الاٹ کیا گیا ۔