تلنگانہ کی کمزور مالی صورتحال مرکز کی ناانصافیوں کا نتیجہ، فنڈس کی اجرائی کیلئے رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو کا مطالبہ

   

حیدرآباد ۔13۔فروری (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو نے راجیہ سبھا میں وزیر فینانس نرملا سیتا رامن کے بیان کی مذمت کی جس میں انہوں نے ریاست کی معاشی صورتحال کو ابتر قرار دیا ہے ۔ انیل کمار یادو نے کہا کہ مرکزی وزیر فینانس نے تلنگانہ کی حقیقی ضرورتوں کو نظر انداز کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی ابتر معاشی صورتحال کیلئے کے سی آر دور حکومت ذمہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کے 10 سالہ دور حکومت میں معاشی بدانتظامی کے نتیجہ میں ریاست خسارہ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے تلنگانہ کے ساتھ کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں کوئی پیشرفت نہیں کی۔ آندھراپردیش تنظیم جدید قانون نے تلنگانہ کے ساتھ جو وعدے کئے گئے تھے، انہیں گزشتہ 10 برسوں میں فراموش کردیا گیا۔ بیارم اسٹیل پلانٹ اور دیگر مرکزی اداروں کے قیام میں مودی حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ وعدوں کی عدم تکمیل کے سبب تلنگانہ کی معاشی صورتحال متاثر ہوئی۔ انیل یادو نے کہا کہ تلنگانہ کو ٹیکس آمدنی میں مناسب حصہ داری نہیں دی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کمزور مالی موقف کے باوجود کانگریس حکومت نے انتخابی وعدوں پر عمل آوری کی ہے ۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ناانصافیوں کا ازالہ کرتے ہوئے تلنگانہ کو مناسب فنڈس جاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ مرکز سے انصاف کے حصول تک تلنگانہ عوام جدوجہد جاری رکھیں گے۔1