تلنگانہ کی گنگا جمنی تہذیب کوکوئی خطرہ نہیں ۔ ریاستی پولیس ملک بھر میں اول نمبر

   

ریاست بھر میں منظم جرائم کی شرح میں کمی ۔ غنڈہ گردی کا خاتمہ ۔ اسمبلی میں مطالبات زر پر وزیر داخلہ محمود علی کا جواب

حیدرآباد 11فروری(سیاست نیوز)تلنگانہ کی گنگاجمنی تہذیب کو کوئی خطرہ نہیں ہے ‘ ریاست میں پولیس کی مستعدی و چوکسی کے علاوہ صیانتی انتظامات کے سبب امن و امان کو کسی بھی طرح کا کوئی چیالنج نہیں ہے ۔ ریاستی وزیر داخلہ جناب محمدمحمود علی نے تلنگانہ اسمبلی میں مطالبات زر پر مباحث کے جواب میں کہا کہ تلنگانہ کی پولیس کو ملک بھر میں نمبر ون پولیس کا مقام حاصل ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ملک کی کسی ریاست میں ’شی ٹیم‘ موجود نہیں ہے لیکن تلنگانہ میں 331 شی ٹیمیں خواتین کے تحفظ کیلئے خدمات انجام دے رہی ہیں۔جناب محمد محمود علی نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے امن و امان کی برقراری کے علاوہ گنگاجمنی تہذیب کے تحفظ کیلئے ممکنہ اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس کے ثمر آور نتائج برآمد ہونے لگے ہیں۔ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے علاوہ تمام اضلاع میں محکمہ پولیس کی کارکردگی سے عوام مطمئن ہیں۔ انہو ںنے امن و امان کی برقراری کیلئے محکمہ پولیس کی عصری ٹکنالوجی کا تذکرہ کیا اور کہا کہ ریاست کو جرائم سے پاک بنانے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور ان سے صورتحال پر نظررکھنے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور عالمی معیار کے کمانڈ کنٹرول روم کے ذریعہ ریاست کی صورتحال پر نظر رکھی جانے لگی ہے۔جناب محمد محمود علی نے بتایاکہ ریاست میں غیر سماجی عناصر کو پولیس نے آہنی پنجہ سے کچلنے اقدامات کئے ہیں جس سے منظم جرائم پر بڑی حد تک قابو پایا جاچکا ہے ۔تلنگانہ کو چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں مٹکا اور جوے کے منظم جرائم سے پاک کردیا گیا ہے ۔ وزیر داخلہ نے تلنگانہ پولیس کی کارکردگی کو دیگر ریاستوں کے مقابلہ میں بہتر قرار دیتے ہوئے کہا کہ بیشتر اضلاع سے غنڈہ گردی کا مکمل خاتمہ کیا جاچکا ہے۔حکومت کے دیگر محکمہ جات کی طرح محکمہ پولیس کو بھی حکومت کی جانب سے مستحکم کرنے مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کئے جا رہے ہیں اور پولیس میں بھرتی کا عمل جاری ہے۔جناب محمد محمود علی نے بتایا کہ پولیس کی کارکردگی کو بہتر بنانے ریاست بالخصوص جی ایچ ایم سی حدود میں پولیس اسٹیشنوں کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے اور پولیس اسٹیشنوں میں عصری سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔وزیر داخلہ نے بتایا کہ جرائم سے پاک معاشرہ کی تشکیل کیلئے حکومت کے منصوبہ پر عمل آوری کے ذریعہ محکمہ پولیس کوشاں ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد منظم جرائم میں نمایاں کمی آئی ہے جو کہ پولیس کی کارکردگی کا نتیجہ ہے۔ م