حیدرآباد 2 جون (سیاست نیوز) صدرجمہوریہ دروپدی مرمو اور وزیراعظم نریندر مودی کے علاوہ قائد اپوزیشن لوک سبھا راہول گاندھی نے تلنگانہ کی یوم تاسیس کے موقع پر تلنگانہ کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ کی تاریخ و تہذیب کافی قدیم ہے۔ علیحدہ ریاست تشکیل پانے کے بعد تلنگانہ معاشی، تکنیکی طور پر تیزی سے اُبھر رہا ہے۔ نئی ریاست عوام کی ترقی کے لئے معاون و مددگار ثابت ہورہی ہے۔ کئی دہوں سے تلنگانہ کے عوام علیحدہ ریاست کے لئے جدوجہد کررہے تھے، اُن کے خواب کی تعبیر ہوئی ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے تلنگانہ کے عوام کو مبارکباد پیش کی اور کہاکہ تلنگانہ تیزی سے ترقی کرے۔ مرکزی حکومت تلنگانہ کی ترقی میں مکمل تعاون کرے گی۔ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے مرکزی حکومت اپنی مختلف اسکیمات کے ذریعہ تلنگانہ کو فائدہ پہنچائے گی۔ مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ نے بھی تلنگانہ کی یوم تاسیس پر تلنگانہ کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ کانگریس کے سینئر قائد و قائد اپوزیشن لوک سبھا راہول گاندھی نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ کے عوام کیلئے آج خوشی کا دن ہے۔ 11 سال قبل وزیراعظم منموہن سنگھ اور سونیا گاندھی کی زیرقیادت یو پی اے حکومت نے تلنگانہ عوام کے خوابوں کی تعبیر کی تھی۔ لاکھوں عوام نے جو خواب دیکھا تھا اُس کو پورا کیا گیا۔ تلنگانہ تحریک میں قربانیاں دینے والوں کو راہول گاندھی نے خراج عقیدت پیش کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ اُمید کرتے ہیں کہ تلنگانہ کے عوام خوشحال زندگی گزاریں گے اور اُن کا مستقبل روشن ہوگا۔ چیف منسٹر آندھراپردیش نارا چندرابابو نائیڈو نے تلنگانہ کی یوم تاسیس پر مبارکباد پیش کی اور کہاکہ تلنگانہ کے عوام نے جو خواب دیکھا تھا اُن خوابوں کی تکمیل ہوئی ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ دونوں تلگو ریاستوں کے عوام خوب ترقی کریں اور قومی سطح پر نمایاں مقام حاصل کریں۔ ڈپٹی چیف منسٹر آندھراپردیش پون کلیان نے کہاکہ تلنگانہ کی تحریک سے اُنھوں نے سبق حاصل کیا ہے اور اُسی سبق کے سبب وہ آندھراپردیش میں نئی پارٹی تشکیل دیتے ہوئے آج حکومت کے حصہ دار بنے ہیں۔ تلنگانہ کی یوم تاسیس پر وہ تلنگانہ کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ آندھراپردیش کانگریس کے صدر شرمیلا نے تلنگانہ کی یوم تاسیس پر تلنگانہ کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ اُن کی جدوجہد کامیاب ہوئی ہے اور اُنھیں علیحدہ ریاست حاصل ہوئی ہے۔ ریاست کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اُنھوں نے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔2