تلنگانہ کی یونیورسٹیز میں 15 مہینہ سے وائس چانسلر نہیں: کودنڈا رام

   

Ferty9 Clinic

کونسل کی نشست کے لیے کاکتیہ یونیورسٹی میں مہم کا آغاز
حیدرآباد: تلنگانہ جنا سمیتی کے صدر پروفیسر کودنڈا رام نے گزشتہ 15 مہینوں سے تلنگانہ یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس کے عدم تقررات پر سخت تنقید کی ۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیز میں تعلیمی ماحول بحال کرنے کیلئے حکومت کو وائس چانسلرس اور ٹیچنگ فیکلٹیز کا فوری تقرر کرنا چاہئے ۔ کودنڈا رام ورنگل ، کھمم اور نلگنڈہ گریجویٹ ایم ایل سی نشست کے انتخابات کے سلسلہ میں مہم میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کاکتیہ یونیورسٹی پہنچ کر طلبہ سے ملاقات کی ۔ کودنڈا رام نے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد عوام کی توقعات کافی زیادہ تھیں۔ تعلیم اور روزگار کے سلسلہ میں عوام نے حکومت سے امیدیں وابستہ کرلی تھیں لیکن انہیں مایوسی ہوئی ہے۔ ٹی آر ایس حکومت کو خانگی یونیورسٹیز کے قیام سے زیادہ دلچسپی ہے۔ اسی لئے اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں یہ بل منظور کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس قائدین کو خانگی یونیورسٹیز کے قیام کی اجازت دی گئی ہے ۔ کودنڈا رام نے کہا کہ کاکتیہ یونیورسٹی میں 403 ٹیچنگ اسٹاف کی جائیدادیں ہیں، ان میں سے 108 پر تقررات کئے گئے۔ اسی طرح 617 نان ٹیچنگ اسٹاف کی جائیدادوں میں 354 پر تقررات کئے گئے۔ انہوںنے تمام مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا مطالبہ کیا۔