ختم رمضان تک مزید 2 ماہ کے بقایاجات کی اجرائی : صدر نشین وقف بورڈ
حیدرآباد۔29۔مارچ(سیاست نیوز) ریاستی حکومت کی گرانٹ سے تلنگانہ کے آئمہ و مؤذنین کو جاری کئے جانے والے اعزازیہ کے 6ماہ کے بقایاجات میں 2ماہ کا اعزازیہ آج جاری کردیا گیا ۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد مسیح اللہ خان نے آئمہ و مؤذنین کے بقایاجات و اعزازیہ کی اجرائی کے احکام جاری کردیئے ۔ انہو ںنے بتایا کہ نومبر اور ڈسمبر2022کے بقایاجات کی اجرائی عمل میں لائی گئی جو کہ جملہ 9کروڑ 99لاکھ 70ہزار روپئے ہے ۔وقف بورڈ کے توسط سے جاری کئے جانے والے اعزازیہ کی 9997 آئمہ و مؤذنین کے کھاتوں میں راست منتقل کرنے کے اقدامات کئے جاچکے ہیں ۔ سید خواجہ معین الدین انچارج چیف اکزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ نے بتایا کہ بقایاجات کی اجرائی کے سلسلہ میں جاری اقدامات کے طور پر یہ پہلی قسط جاری کی گئی ہے اور مزید دو ماہ کے بقایاجات کی ماہ رمضان المبارک کے اواخرتک اجرائی عمل میں لانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ محمد مسیح اللہ خان نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی گرانٹ سے جاری کی جانے والی ان رقومات کی وصولی کے ساتھ ہی وقف بورڈ آئمہ و مؤذنین کے اعزازیہ کی اجرائی کو یقینی بنا رہاہے اور محکمہ فینانس سے درخواست کی جا رہی ہے کہ وہ اس اعزازیہ کی رقم یکمشت وقف بورڈ کے حوالہ کرے تاکہ طویل مدتی بقایاجات نہ رہیں ۔ انہو ںنے بتایا کہ آئمہ و مؤذنین کے بقایاجات کی اجرائی کے معاملہ میں ہونے والی تاخیر کی متعدد شکایات موصول ہورہی ہیں جو کہ آئمہ و مؤذنین کے لئے تکلیف کا باعث ہیں ۔ ماہانہ اعزازیہ کی اجرائی کے سلسلہ میں میکانزم کو درست کرنے کے لئے بھی بورڈ کی جانب سے محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کے ہمراہ تبادلہ خیال کیا جا رہاہے ۔ م