مرکز سے ٹیکس کا حصہ اور گرانٹس کی عدم وصولی سے مالیہ کی قلت
حیدرآباد ۔11ڈسمبر(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے آئندہ بجٹ میں مزید 10تا15 فیصد کی کٹوتی ممکن ہے ۔ حکومت کے ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت کی جانب سے تیار کئے جانے والے بجٹ منصوبہ میں مزید تخفیف کی ہدایت کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ ریاستی حکومت مجموعی اعتبار سے گرانٹس کے علاوہ دیگر امور کے غیر منصوبہ بند بجٹ میں تحفیف کرسکتی ہے۔ حکومت تلنگانہ نے گذشتہ بجٹ کو علی الحساب بجٹ 1لاکھ 82ہزار کروڑ سے کم کرتے ہوئے 1لاکھ 46 ہزار کروڑ کرچکی ہے اور اب کہا جا رہاہے کہ اس میں مزید 10تا15 فیصد کی کٹوتی کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ملک کے ساتھ ریاست تلنگانہ کی معاشی حالت بھی بتدریج ابتری کا شکار بنی ہوئی ہے اور حکومت کی جانب سے کہا جا رہاہے کہ مرکزی حکومت کی جانب سے حاصل ہونے والے محاصلات کے حصہ اور گرانٹس کی عدم وصولی کے سبب یہ صورتحال پیدا ہوتی جا رہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے جاری کردہ رہنمایانہ خطوط میں تمام محکمہ جات کو مطالبات زر کی تیاری میں بھی احتیاط سے کام لینے کی ہدایت دی جاچکی ہے جس کے بعد یہ بات واضح ہونے لگی ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے جاریہ مالی سال کے دوران منظورہ بجٹ بھی مکمل جاری نہ کئے جانے کے سبب صورتحال ابتر ہوچکی ہے اور آئندہ سال کے بجٹ میں تخفیف کے منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو بھی بہتر انداز میں مثبت آمدنی کے ذرائع کے ساتھ پیش کرنے کی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے جبکہ ریاستی معاشی ابتری کے دور کے سبب مالیاتی خسارہ کا شکار ہورہی ہے لیکن حکومت کی جانب سے اس پر قابو پانے کیلئے متعدد اقدامات پر غور کر رہی ہے جس میں بجٹ کی تخفیف کا عمل بھی شامل ہے۔ذرائع کے مطابق حکومت تلنگانہ کی جانب سے مالی سال 2020-2021کا بجٹ 1لاکھ 25ہزارکروڑ یا 1لاکھ 30ہزار کروڑ کے درمیان ہوگا اور اس بجٹ کی منظوری کے لئے حکومت کی جانب سے گرانٹس میں تخفیف کے علاوہ مختلف ادارہ جات اور محکمہ جات کی جانب سے چلائے جانے والی فلاحی اسکیمات کو محدود کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔سرکاری محکمہ جات کے عہدیداروں نے بتایا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق ریاستی بجٹ میں 10تا15 فیصد کی کمی کے منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کیلئے کئی ایک فلاحی اسکیمات کو محدود کیا جاسکتا ہے تاکہ بجٹ میں کی جانے والی کمی سے نمٹنے کے اقدامات ممکن بنائے جاسکیں۔