تلنگانہ کے بعد بنگلور کے 60 اسکولی طلبہ کورونا سے متاثر

   

اقامتی اسکول میں ٹسٹ پر کورونا کا انکشاف، طلبہ ہوم آئسولیشن میں، اسکول20 اکٹوبر تک بند
حیدرآباد۔/29 ستمبر، ( سیاست نیوز) ملک کی مختلف ریاستوں میں اسکولی طلبہ میں کورونا کیسس کے واقعات مسلسل منظر عام پر آرہے ہیں۔ حال ہی میں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے اسکولی طلبہ میں کورونا کے کیسس منظر عام پر آئے اور اب تازہ ترین معاملہ کرناٹک کے دارالحکومت بنگلور کا ہے جہاں ایک اقامتی اسکول کے تقریباً 60 طلبہ کورونا پازیٹیو پائے گئے۔ ان میں سے ایک طالب علم جسے شدید بخار پایا گیا مقامی ہاسپٹل میں علاج کے لئے رجوع کیا گیا جبکہ دیگر طلبہ کو ہوم کورنٹائن کرتے ہوئے علاج کیا جارہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سری چیتنیہ گرلز ریسیڈنشیل اسکول سے تعلق رکھنے والے طلبہ میں کورونا کی علامات واضح طور پر ظاہر نہیں ہوئیں تاہم ٹسٹ میں نتیجہ پازیٹیو رہا۔ اسکول کیمپس میں کورنٹائن کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ میڈیکل اسٹاف اور بلدی حکام کی نگرانی میں ان طلبہ کا علاج کیا جارہا ہے۔ حکام نے 20 اکٹوبر تک اسکول کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ 5 ستمبر سے سینئر طلبہ کیلئے فزیکل کلاسیس کا آغاز کیا گیا۔ 22 ٹیچرس کے بشمول 54 ملازمین کو کورونا کی ٹیکہ اندازی مکمل کرلی گئی تھی۔ اسکول میں طلبہ کی تعداد 485 بتائی جاتی ہے۔ 26 ستمبر کو بیلاری سے تعلق رکھنے والے ایک طالب علم میں بخار، دست اور قئے کی شکایت پائی گئی۔ معائنہ کرنے پر یہ کورونا پازیٹیو پایا گیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ 105 طلبہ میں سے 27 کا ریاپڈ انٹیجن ٹسٹ کیا گیا جبکہ 33 طلبہ کا آر ٹی پی سی آر ٹسٹ کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق اقامتی اسکولوں میں گزشتہ ایک ماہ سے طلبہ موجود تھے اور ان میں کوئی علامتیں نہیں تھیں۔ آر ٹی پی سی آر اور ریاپڈ انٹیجن ٹسٹ میں 60 طلبہ متاثر پائے گئے۔ محکمہ صحت کی ٹیم صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ بنگلور ( اربن ) کے ڈپٹی کمشنر جے منجو ناتھ نے بتایا کہ طلبہ کو تشویش میں مبتلا ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ 60 متاثرہ طلبہ میں 14 کا تعلق ٹاملناڈو سے ہے جبکہ باقی کرناٹک کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھتے ہیں۔ر