حیدرآباد ۔ 16 ۔ اگست (سیاست نیوز) شمالی خلیج بنگال میں 19 اگست کو ہوا کے کم دباؤ کا امکان ہے، جس کے زیر اثر 20 اگست تک تلنگانہ کے بعض مقامات پر ہلکی تا اوسط بارش یا گرج چمک کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے 19 اور 20 اگست کیلئے ایلو الرٹ جاری کیا اور کہا کہ تلنگانہ کے بعض اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ حیدرآباد اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں مطلع عام طور پر ابر آلود رہے گا ۔ شہر کے بعض حصوں میں ہلکی بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ اعظم ترین اور اقل ترین درجہ حرارت 30 ڈگری سلسیس اور 22 ڈگری سلسیس کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔شہر میں گزشتہ تین دن کے دوران وقفہ وقفہ سے ہلکی تا تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔ رات کے درجہ حرارت میں بھی کمی محسوس کی جارہی ہے جبکہ سرد ہوائیں بھی چل رہی ہیں۔