حیدرآباد۔17۔مئی۔(سیاست نیوز) تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں مانسون کی آمد 5 جون کو ہوجائے گی اور ماقبل مانسون بارشوں کے امکانات کو بھی مسترد نہیں کیا جاسکتا کیونکہ انڈمان نکوبار میں مانسون کی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 3تا5یوم کے دوران مانسون خلیج بنگال سے ٹکرا جائے گا اور خلیج بنگال سے جڑے ہوئے علاقو ںمیں بارشوں کا آغاز ہونے کا امکان ہے۔ بتایاجاتاہے کہ انڈومان نکوبار میں مانسون کے سرگرم ہونے کے بعد محکمہ موسمیات نے کیرالہ ‘ بنگال اور دیگر ریاستوں میں بارش کی پیش قیاسی کرتے ہوئے کہا کہ مانسون سے قبل بھی بارشوں کا امکان ہے اور اس سلسلہ میں کیرالہ انتظامیہ کو انتباہ جاری کیا جاچکا ہے اور ماقبل مانسون کی موسلادھار بارشوں سے ہونے والے نقصانات کو کم کرنے کی کوشش کریں ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے کی جانے والی پیش قیاسی کے مطابق ماقبل مانسون بارش کے امکانات میں اضافہ ہونے کے بعد کیرالہ اور کرناٹک کے مختلف شہروں کے انتظامیہ کو متحرک کیا جاچکا ہے۔ انڈمان نکوبار میں جاری بارش کے متعلق محکمہ موسمیات کے عہدیداروں کا کہناہے کہ اس بارش اور موسم میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کو دیکھتے ہوئے یہ پیش قیاسی کی جا رہی ہے کہ تلنگانہ کے بیشتر شہرو ںمیں 5 جون تک مانسون کی آمد ہوجائے گی اور 10 جون تک ریاست تلنگانہ میں مانسون سرگرم ہوجائے گا۔م