ای ایس آئی سی ۔ ای ایس آئی اور آئی ایم ایس کا اجلاس ، وزیر ملاریڈی کی ہدایت
حیدرآباد ۔ /26 فبروری (سیاست نیوز) وزیر محنت و روزگار تلنگانہ مسٹر ملاریڈی نے ہر ضلع میں ایک ای ایس آئی ڈسپنسری قائم کرنے کی متعلقہ عہدیداروں کو ضروری ہدایات دیں ۔ وزیر نے آج ای ایس آئی سی ، ای ایس آئی اور آئی ایم ایس کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس طلب کرکے ان محکمہ جات کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا اور عہدیداروں سے کہا کہ ای ایس آئی ہاسپٹلس و ڈسپنسریوں میں ڈاکٹروں اور ادویات کی کمی کے باعث ڈسپنسریوں کے بند ہوجانے کی صورتحال پیدا نہ ہونے کیلئے اقدامات کریں اور ادویات ڈسپنسریوں میں دستیاب نہ رہنے کی صورت میں ادویات کی خریدی کیلئے ہرچیز آرڈرس رکھنے کی عہدیداروں سے خواہش کی ۔ مسٹر ملاریڈی نے واضح طور پر کہا کہ ادویات کی خریدی کیلئے رقومات کی کوئی کمی نہیں ہے بلکہ ای ایس آئی کے پاس ادویات کی خریدی کیلئے 40 کروڑ روپئے تیار ہیں اور اب تک ہی خریدی ہوئی ادویات سے متعلق بلز کی فی الفور یکسوئی کردینے کی عہدیداروں کو ہدایات دیں ۔ وزیر محنت و روزگار نے مزید کہا کہ ادویات خریدی کے بلوں کی ادائیگی میں تاخیر ہونے کی وجہ سے ادویات کی سربراہی میں تاخیر ہونے کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے اور اس طرح کے مسائل پیدا نہ ہونے کیلئے احتیاط برتنے کا وزیر موصوف نے عہدیداروں کو مشورہ دیا اور کہا کہ جن ای ایس آئی ہاسپٹلس میں ڈاکٹروں کی کمی پائی جاتی ہے ان ہاسپٹلس کیلئے جن ہاسپٹلس میں زائد تعداد میں ڈاکٹرس و میڈیکل اسٹاف پایا جاتا ہے ان ہاسپٹلس سے ڈاکٹروں کی خدمات کرلینے کی کوشش کریں ۔