تلنگانہ کے خلاف سازشوں کو بند کرنے وزیر اعظم نریندر مودی سے مطالبہ

   

قومی اداروں کے استعمال کی مذمت، سی پی آئی سکریٹری سامبا سیوا راؤ کا بیان
حیدرآباد۔/30 نومبر، ( سیاست نیوز) سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری کے سامبا سیوا راؤ نے وزیر اعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا کہ تلنگانہ کے خلاف سازشوں کا سلسلہ بند کریں۔ انہوں نے معاشی اور سیاسی سطح پر نقصان پہنچانے کیلئے مرکزی اداروں کی جانب سے دھاوؤں کی مذمت کی۔ سی پی آئی قائد نے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی کو روکنے اور عوام کے فلاح و بہبود پروگراموں میں خلل کیلئے نریندر مودی کی زیر قیادت بی جے پی حکومت سازش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں نظم و نسق کو غیر مستحکم کرنے کیلئے انکم ٹیکس، الیکشن کمیشن اور گورنر کے عہدوں کو استعمال کیا جارہا ہے جو قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے برسراقتدار آنے سے قبل ملک کا قرض 55 لاکھ کروڑ تھا جو آج بڑھ کر 155 لاکھ کروڑ ہوچکا ہے۔ آٹھ برسوں میں مرکز نے 100 لاکھ کروڑ کا قرض حاصل کیا ہے لیکن تلنگانہ پر قرض کے حصول کیلئے پابندیاں عائد کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی اداروں کے ذریعہ تلنگانہ میں مختلف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے تاکہ سیاسی اور معاشی طور پر عدم استحکام کی صورتحال پیدا ہو۔ مرکزی حکومت آندھرا پردیش تنظیم جدید قانون میں کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے۔ وعدوں کی تکمیل کے بارے میں سوال کرنے پر مرکزی اداروں کے ذریعہ مسائل پیدا کئے جارہے ہیں۔ سی پی آئی سکریٹری نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے اپنی پدیاترا کے ذریعہ عوام میں مذہبی منافرت پھیلا رہے ہیں۔ر