تلنگانہ کے سماجی جہدکار گادے انیا کو این آئی اے نے گرفتار کرلیا

   

Ferty9 Clinic

ماوسٹ تحریک سے روابط پر 14 دن کا ریمانڈ
حیدرآباد۔ 21 ڈسمبر (سیاست نیوز) مرکز کی نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی (NIA) نے ممنوعہ سی پی آئی ماوسٹ تنظیم سے مبینہ تعلقات کے الزام میں سابق ماوسٹ لیڈر اور سماجی جہد کار جی اناریڈی عرف گادے انیا کو گرفتار کرلیا۔ جنگاؤں ضلع کے ظفر گڑھ منڈل کے ریگاڈی تانڈا میں واقع اناریڈی کے قیام گاہ سے انہیں حراست میں لیا گیا۔ این آئی اے کی خصوصی عدالت میں پیش کرنے پر انہیں 14 دن کے ریمانڈ پر چنچل گوڑہ جیل منتقل کردیا گیا۔ واضح رہے کہ حال ہی میں پولیس انکاؤنٹر میں ہلاک ماوسٹ لیڈر کے رامچندرا ریڈی کی آخری رسومات میں انا ریڈی نے شرکت کی تھی۔ اس موقع پر انہوں نے ماوسٹوں کے حق میں بیان دیا تھا اور پولیس کے مطابق عوام کو مشتعل کرنے کی کوشش کی۔ این آئی اے کے عہدیداروں نے آج صبح اناریڈی کی قیام گاہ پر دھاوا کیا اور چار گاڑیوں کو بھی ضبط کرلیا۔ قیام گاہ سے الیکٹرانک آلات ضبط کئے گئے۔ 64 سالہ گادے انیا کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس کا الزام ہے کہ گادے انیا نے اپنی تقاریر کے ذریعہ عوام کو حکومت اور سیکوریٹی فورسیس کے خلاف مشتعل کرنے کی کوشش کی۔ پولیس نے حالیہ عرصہ میں ان کے دورہ چھتیس گڑھ کے بعد نگرانی میں اضافہ کردیا تھا۔ ماوسٹ لیڈر ہڈما کے انکاؤنٹر کے بعد گادے انیا نے چھتیس گڑھ پہنچ کر ان کے افراد خاندان سے ملاقات کی تھی جس کے ویڈیو سوشیل میڈیا میں وائرل ہوئے۔ گادے انیا تلنگانہ میں پیپلز وار گروپ سے وابستہ رہ چکے ہیں۔ این آئی اے کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ راہول جیتا کی قیادت میں دعویٰ کیا گیا ہے اور انیا کی گرفتاری عمل میں آئی ۔ 1