تلنگانہ کے شہری علاقوں میں چھوٹے تاجروں کو حکومت کی جانب سے قرض کی فراہمی

   

618 تجارتی زونس کا قیام، خودروزگار اسکیم کے تحت 1584 چھوٹی صنعتوں کا قیام
حیدرآباد۔27۔مارچ (سیاست نیوز) حکومت کی جانب سے تلنگانہ کے شہری علاقوں میں غریب افراد اور سڑکوں پر کاروبار کرنے والے تاجروں کی مدد کی جارہی ہے۔ ریاست میں 143 کارپوریشنوں بشمول کنٹونمنٹ میں 177503 سیلف ہیلپ گروپس تشکیل دیئے گئے ہیں۔ سیلف ہیلپ گروپس میں 1802284 خواتین نے بحیثیت رکن نام درج کرائے ہیں۔ شہری علاقوں میں پٹنا پرگتی اسکیم کے تحت حکومت نے 618 تجارتی زونس قائم کئے ہیں۔ حکومت کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق شہروں اور ٹاؤنس میں غریبوں اور چھوٹے کاروبار کرنے والوں کے معاشی موقف کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ استفادہ کنندگان کو بینک سے مربوط سبسیڈی اور قرض فراہم کیا جاتا ہے۔ 143 میونسپلٹیز میں 177503 سیلف ہیلپ گروپس کے تحت 1802284 خواتین نے اپنے نام درج کرائے ۔ 33324 سیلف ہیلپ گروپس کو مالیاتی سال 2021-22 ء میں بینک لنکیج کے تحت 2429 کروڑ فراہم کئے گئے جبکہ 1507 کروڑ کا نشانہ مقرر کیا گیا تھا ۔ شہری علاقوں میں 2022-23 کے دوران 26016 سیلف ہیلپ گروپس کے لئے 2083 کروڑ کا بینک لنکیج فراہم کیا گیا جبکہ 1745 کروڑ کا نشانہ تھا۔ حکومت سڑکوں پر کاروبار کرنے والے غریب تاجروں کو قرض فراہم کر رہی ہے ۔ ریاست میں 618 تجارتی زونس میں 2676 شیڈ منظور کئے گئے ۔ حکومت نے سڑکوں پر کاروبار کرنے والے افراد کی نشاندہی کی ہے جن کی تعداد سروے کے مطابق 622476 ہے۔ پہلے مرحلہ میں چھوٹے کاروباریوں کو 10,000 روپئے فراہم کیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 351467 تاجروں میں 351.46 کروڑ قرض تقسیم کیا گیا ۔ کاروباریوں کو قرض کی فراہمی کیلئے جن ٹاپ 10 شہروں کا انتخاب کیا گیا ، ان میں سرسلہ سرفہرست رہا جبکہ سدی پیٹ اور نرمل دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔ کاما ریڈی ، بودھن ، ظہیرآباد ، منچریال ، پالونچہ، سنگاریڈی اور آرمور بھی اسی فہرست میں شامل ہیں۔ ایک تا 10 لاکھ کی آبادی کے زمرہ میں گریٹر ورنگل میونسپل کارپوریشن کو ملک میں پہلا مقام حاصل ہوا جبکہ نظام آباد میونسپل کارپوریشن کو 9 واں مقام حاصل ہوا ہے ۔ دوسری قسط کے تحت حکومت نے چھوٹے کاروباریوں کو فی کس 20 ہزار روپئے کے حساب سے 121672 تاجروں میں 242.62 کروڑ بطور قرض جاری کئے ۔ 40 لاکھ سے زائد آبادی کے میگا شہروں کے زمرہ میں ملک میں گریٹر حیدرآباد کو دوسرا رینک حاصل ہوا ۔ حکومت نے فی کس 50 ہزار روپئے کے حساب سے 2214 تاجروں میں قرض جاری کیا ہے ۔ خود روزگار پروگرام کے تحت سیلف ہیلپ گروپس کی جانب سے 15674 چھوٹے صنعتی یونٹس قائم کئے گئے جن کی لاگت 140 کروڑ ہے۔ مختلف شعبہ جات میں روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے 37512 امیدواروں کو ٹریننگ دی گئی جن میں سے 17233 کا انتخاب عمل میں آیا۔ر