تلنگانہ کے ضلع نظام آباد میں درجہ حرارت41ڈگری سے تجاوز

   

حیدرآباد۔ 10 اپریل (یو این آئی) محکمہ موسمیات نے وارننگ دی کہ تلنگانہ میں آئندہ چند دنوں کے دوران شدید گرمی کی لہر برقرار رہے گی۔ تلنگانہ کے علاوہ رائل سیما کے بعض مقامات اور ساحلی آندھراپردیش میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے ۔ تلنگانہ کے اضلاع کریم نگر’ کھمم اورنظام آباد میں دن کا درجہ حرارت زیادہ ریکارڈ کیا جارہا ہے ۔نظام آباد میںگزشتہ ایک ہفتے سے درجہ حرارت 41 ڈگری سے تجاوز کرگیا ہے ۔ 11 بجے دن سڑکیں سنسان نظرآرہی ہیں۔ ضلع میں جاریہ سال مارچ کے آخری ہفتہ سے دھوپ کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ مختلف مقامات پر گزشتہ روز درجہ حرارت 39.9 ڈگری درج کیاگیا۔ گرمی سے ضعیف افراد اور بچے شدید متاثر ہیں۔ڈاکٹرس نے مشورہ دیا کہ 11 دن بجے تا شام 4 بجے گھر سے باہر نہ نکلیں۔ آندھراپردیش کے رائل سیما کے کئی مقامات پر بھی شدید گرمی برقرار ہے جہاں پر اعظم ترین درجہ حرارت 42ڈگری سے بھی زائد ریکارڈ کیا گیا۔