تلنگانہ کے عارضی سکریٹریٹ میں ایک اور ملازم کورونا وائرس کا شکار

   

Ferty9 Clinic

محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے عملہ کی جانچ کا فیصلہ، ملازمین کی تھرمل اسکیاننگ

حیدرآباد۔14جون(سیاست نیوز) تلنگانہ کے عارضی سیکریٹریٹ کے ایک اور ملازم کو کورونا وائرس کے مثبت پائے جانے کے بعدمحکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی کے تمام ملازمین کے کورونا وائرس معائنوں پر غور کیا جانے لگا ہے کیونکہ جس ملازم کو کو رونا وائرس کی تصدیق کی گئی ہے وہ گذشتہ چند یوم سے باقاعدہ دفتر میں خدمات انجام دے رہا تھا اور اس کی ذمہ داریوں کے سبب وہ دفتر کے بیشتر عملہ اور عہدیداروں سے مسلسل رابطہ میں تھا۔بی آرکے بھون جہاں ریاستی حکومت کا عارضی سیکریٹریٹ ہے میں چند یوم قبل کورونا وائرس کے مریض کی توثیق کے بعد ملازمین میں ہلچل پیدا ہوگئی تھی لیکن گذشتہ 4یوم کے دوران سیکریٹریٹ کے کسی بھی ملازم میں کوئی علامات یا ان کے کوروناوائرس معائنہ کے مثبت نہ پائے جانے سے ملازمین کچھ حد تک راحت محسوس کررہے تھے کہ آج محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی میں خدمات انجام دینے والے ملازم کو کورونا وائرس کی توثیق ہوگئی ۔بتایاجاتا ہے کہ سیکریٹریٹ میں خدمات انجام دینے والے اس ملازم کو بخار اور کھانسی کے باوجود بدستور اپنی خدمات انجام دی ہیں اور اس دوران کئی دیگر ملازمین سے اس کا رابطہ رہا۔ بتایاجاتا ہے کہ سیکریٹریٹ میں داخل ہونے والے عملہ کو تھرمل اسکیاننگ سے جسمانی درجہ حرارت کی جانچ کے بعد داخل ہونے دیا جا رہاہے اس کے باوجود کورونا وائرس کے مریض کی توثیق کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ سیکریٹریٹ میں محکمہ انفارمیشن اینڈ ٹکنالوجی کے آس پاس کے دفاتر کو بھی مقفل کرتے ہوئے ان کی صفائی کو یقینی بنایا جائے اور محکمہ میں خدمات انجام دینے والے تمام ملازمین کا کورونا وائرس معائنہ کیا جائے ۔ذرائع کے مطابق محکمہ نے اپنے ملازمین کو صحت میں ناسازی محسوس ہونے پر فوری خود کو گھریلو قرنطینہ میں چلے جانے کا مشورہ دیا ہے۔