تلنگانہ کے عازمین حج کو سعودی عرب میں مشکلات کا سامنا

,

   

Ferty9 Clinic

حج کمیٹی کا فراہم کردہ سم کارڈ بلاک کرتے ہوئے نیا کارڈ خریدنے کی ہدایت،حج کمیٹی سے مداخلت کی اپیل
حیدرآباد۔30 ۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ کے عازمین حج کو سعودی عرب پہنچنے کے بعد سم کارڈ کے غیر کارکرد ہونے کے سبب مشکلات کا سامنا ہے۔ سعودی عرب پہنچنے والے عازمین حج اور ان کے ساتھ موجود خادم الحجاج نے بتایا کہ روانگی کے موقع پر حج کمیٹی کی جانب سے جو سم کارڈ عازمین حج کو دیا گیا ، اسے سعودی عرب کے حکام ایکٹیویٹ کرنے سے انکار کر رہے ہیں۔ برخلاف اس کے وہ ہندوستان سے لیجانے والے سم کارڈس کو بلاک کرتے ہوئے نیا مقامی سم کارڈ خریدنے پر مجبور کر رہے ہیں۔ عازمین حج کو تیقن دیا گیا تھا کہ یہاں سے روانگی کے بعد سعودی عرب میں سم کارڈ کارکرد ہوجائے گا۔ عازمین کے فنگر پرنٹس حاصل کرتے ہوئے سم کارڈس کو ایکٹیویٹ کیا جاتا ہے لیکن جاریہ سال سعودی عرب کے حکام نیا سم کارڈ خریدنے کی ہدایت دے رہے ہیں۔ خادم الحجاج نے شکایت کی کہ ہندوستان میں دیئے گئے سم کارڈس کو بلاک کرتے ہوئے مقامی سم کارڈس کو ایکٹیویٹ کیا جارہا ہے جس سے عازمین حج کا وہ نمبر باقی نہیں رہتا جو سنٹرل حج کمیٹی کے فراہم کردہ سم کارڈس کے مطابق ہے۔ یہاں سے فراہم کردہ سم کارڈس کے مطابق فون نمبرس حج کمیٹی اور عازمین حج کے رشتہ داروں کے پاس موجود ہیں لیکن نیا سم کارڈ لینے کے نتیجہ میں عازمین حج کو نہ صرف دشواریاں پیش آرہی ہیں بلکہ وہ حج کمیٹی کے کنٹرول سے باہر ہوچکے ہیں۔ حرمین شریفین یا ایام حج کے دوران راستہ بھٹک جانے کی صورت میں حکام فون پر ربط قائم کرسکتے تھے لیکن اب یہ سہولت باقی نہیں رہے گی

کیونکہ عازمین حج کے پاس نئے سم کارڈس آچکے ہیں اور حج کمیٹی کے لئے تمام عازمین کے نئے نمبرس کو اپ لوڈ کرنا ممکن نہیں۔ خادم الحجاج اور عازمین حج نے تلنگانہ حج کمیٹی کے ذمہ داروں سے خواہش کی ہے کہ وہ اس سلسلہ میں سعودی حکام سے ربط قائم کرتے ہوئے پرانے سم کارڈ ایکٹیویٹ کرنے کی خواہش کریں۔ اسی دوران انڈین حج مشن کی جانب سے مکہ مکرمہ میں عازمین حج کے لئے ضروری ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔ عازمین سے خواہش کی گئی کہ وہ حرم شریف میں داخلہ کے وقت گیٹ نمبر ضرور دیکھ لیں اور اسی گیٹ سے باہر نکلیں۔ گزشتہ برسوں میں یہ دیکھا گیا کہ عازمین حج حرم شریف سے باہر نکلتے وقت دوسری گیٹ کا انتخاب کرتے ہیں جس کے سبب وہ راستہ بھٹک جاتے ہیں۔ گرین زمرہ کیلئے مقامی قانون کے مطابق پکوان کی سہولت نہیں ہے جبکہ عزیزیہ کی عمارتوں میں کچن کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ عزیزیہ کے ہر کچن میں ایک گیس اسٹو سلینڈر کے ساتھ فراہم کیا گیا ہے ۔ دونوں زمرہ جات میں کوکرس یا ہاٹ پلیٹس کے استعمال کی اجازت نہیں رہے گی۔ ان کے استعمال سے شارٹ سرکٹس کا اندیشہ رہتا ہے۔ عازمین حج کو فی کس دو بیڈ شیٹس اور دو پیلو کورس فراہم کئے جارہے ہیں ، اس کے علاوہ ہر عازم کو ایک چھتری ، ہر باتھ روم میں ایک بکٹ ، ایک مگ اور دیگر ضروری سامان سربراہ کیا گیا ہے۔ عازمین سے خواہش کی گئی کہ وہ ان اشیاء کو دوسرے باتھ روم منتقل نہ کریں۔ عزیزیہ سے حرم تک 24 گھنٹے بس سرویس فراہم کی جائے گی۔ عازمین حج کو شناخت کیلئے بس پاس جاری کیا جائے گا۔ تلنگانہ سے تاحال 14 قافلے مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں اور اپنی اپنی عمارتوں میں قیام پذیر ہیں۔ تمام قافلوں کے عازمین نے عمرہ کے فریضہ کی تکمیل کرلی ہے۔