تلنگانہ کے عوام برقی بل ادا کرنا بند کردیں ، ڈسمبر میں برقی بلس کی معافی

   

کانگریس پارٹی قول و فعل کی پکی ، صدر تلنگانہ کانگریس ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔8۔نومبر۔(سیاست نیوز) تلنگانہ میں عوام برقی بل ادا کرنا بند کردیں۔ 9 ڈسمبر کو ریاست میں کانگریس اقتدار حاصل کرنے کے بعد تمام برقی بلوں کو معاف کردے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس کی جانب سے دی گئی 6ضمانتوں میں 200 یونٹ مفت برقی کی فراہمی کا وعدہ کیا گیا ہے اور آج سے آئندہ ایک ماہ بعد کانگریس تلنگانہ میں اقتدار حاصل کرتے ہی اس وعدہ پر عمل آوری کو یقینی بنائے گی۔ صدرپردیش کانگریس مسٹر اے ریونت ریڈی نے تلنگانہ عوام کو مشورہ دیا کہ 200 یونٹ تک برقی استعمال کرنے والے برقی صارفین آج سے اپنے برقی بلوں کے متعلق بے فکر ہوجائیں کیونکہ 9 ڈسمبر کو کانگریس کے چیف منسٹر کے حلف لینے کے ساتھ ہی ان تمام برقی بلوں کو معاف کردیا جائے گا جو 200 یونٹ سے کم ہیں۔کانگریس نے تلنگانہ میں عوام کو جو 6ضمانتیں دی ہیں ان میں خواتین کے لئے ماہانہ 2500 روپئے ‘ بس میں سفر کی مفت سہولت‘ 500 روپئے میں گیاس سلنڈر‘ کے علاوہ کسانوں ‘ نوجوانوں کے علاوہ بزرگوں کے لئے وظائف شامل ہیں۔ مسٹر اے ریونت ریڈی نے تلنگانہ عوام کو ابھی سے برقی بل کی ادائیگی بند کردینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس کو اس بات کا یقین ہے کہ وہ ریاست میں اقتدار حاصل کر ے گی اور اقتدار حاصل کرنے کے ساتھ ہی ان برقی بلوں کا عوام کو جھنجھٹ نہیں رہے گا جو 200 یونٹ تک برقی استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی پارٹی نے عوام سے جو وعدہ کیا ہے ان تمام وعدوں کو پورا کرنے کا عزم رکھتی ہے اسی لئے وہ پورے یقین کے ساتھ کہہ رہے ہیں کہ عوام برقی بلوں کی ادائیگی بند کردیں۔