شام 5 بجے راج بھون میں تقریب، چیف جسٹس ہائی کورٹ الوک ارادھے حلف دلائیں گے
حیدرآباد۔/30 جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے نئے گورنر جشنو دیو ورما کل 31 جولائی کو راج بھون میں اپنے عہدہ کا حلف لیں گے۔ تریپورہ سے تعلق رکھنے والے جشنو دیو ورما کو چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ جسٹس الوک ارادھے حلف دلائیں گے۔ حلف برداری تقریب راج بھون میں منعقد ہوگی اور شام 5 بجکر 3 منٹ کا مہورت رکھا گیا ہے۔ جشنو دیو ورما کے تلنگانہ میں استقبال کیلئے حکومت کی جانب سے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ تقریب حلف برداری میں چیف منسٹر ریونت ریڈی، کابینی رفقاء اور پارٹی کے سینئر قائدین اور اعلیٰ عہدیدار شرکت کریں گے۔ جے ڈی ورما کا تعلق چونکہ بی جے پی سے ہے لہذا تلنگانہ کے بی جے پی قائدین بھی تقریب میں شریک ہوں گے۔ جے ڈی ورما تلنگانہ میں سی پی رادھا کرشنن کے جانشین ہوں گے جنہیں تلنگانہ کی اضافی ذمہ داری دی گئی تھی۔ سی پی رادھا کرشنن کو حالیہ تبدیلیوں کے تحت مہاراشٹرا کا گورنر مقرر کیا گیا ہے۔ جشنو دیو ورما کا جنم 15 اگسٹ 1957 کو تریپورہ میں ہوا۔انہوں نے 2018 سے 2023 تک چاریلام اسمبلی حلقہ کی تریپورہ اسمبلی میں نمائندگی کی۔ وہ کابینہ میں ڈپٹی چیف منسٹر رہے اور ان کے تحت برقی، فینانس، دیہی ترقی، پلاننگ، سائینس و ٹکنالوجی کے قلمدان تھے۔ 2023 اسمبلی انتخابات میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ جے ڈی ورما تریپورہ کے پہلے سیاسی قائد ہیں جنہیں کسی ریاست کا گورنر مقرر کیا گیا۔ جے ڈی ورما نے 1990 رام جنم بھومی تحریک کے دوران بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ وہ تریپورہ کے شاہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور بیاڈ منٹن اسوسی ایشن آف انڈیا کے صدرنشین رہ چکے ہیں۔ وہ ایک اچھے شاعر بھی ہیں جن کی کئی کتابیں شائع ہوچکی ہیں۔ تریپورہ کے اخبارات میں ان کے مضامین شائع ہوتے رہے۔ حال ہی میں ان کی نظموں کا مجموعہ منظرِ عام پر آیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے بی جے پی لیڈر این اندرسین ریڈی تریپورہ کے گورنر ہیں اور تریپورہ سے تعلق رکھنے والے جے ڈی ورما تلنگانہ کے نئے گورنر ہوں گے۔ وہ تلنگانہ کے چوتھے گورنر ہوں گے۔ ای ایس ایل نرسمہن، ٹی سوندرا راجن اور سی پی رادھا کرشنن کے بعد جے ڈی ورما تلنگانہ کے چوتھے گورنر ہیں۔ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن کے استعفی کے بعد مرکزی حکومت نے سی پی رادھا کرشنن کو تلنگانہ کی اضافی ذمہ داری دی تھی۔1