تلنگانہ کے نظام آباد میں اموات میں غیر معمولی اضافہ

   

شہریوں میں تشویش ، کورونا کے خوف سے تجہیز و تکفین میں عوام کی عدم شرکت
حیدرآباد۔حیدرآباد میں بے تحاشہ اموات کے بعد اب ریاست کے ضلع نظام آباد میں ہونے والی اموات نے شہریوں کی تشویش میں اضافہ کردیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ ریاست تلنگانہ کے اضلاع میں بھی اموات میں ہونے والے اضافہ کے سبب شہریوں کی تشویش میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے ۔ ماہ جون کے دوسرے ہفتہ سے شہر حیدرآباد میں مختلف وجوہات کی بناء پر ہونے والی اموات کی تعداد نے شہریو ںمیں تشویش کی لہر پیدا کردی تھی اور شہر کے کئی علاقوں اور قبرستانوں میں ہونے والی تدفین اور اموات کی اطلاعات نے بے چینی پیدا کردی تھی لیکن جولائی کے دوسرے ہفتہ کے بعد سے اموات کی اطلاعات کچھ حد تک کم ہوئی ہیں لیکن اب جو اطلاعات ضلع نظام آباد سے موصول ہونے لگی ہیں وہ انتہائی تشویشناک ہیں کیونکہ نظام آباد سے بھی اب آئے دن اموات کی خبریں موصول ہونے لگی ہیں اور مقامی عوام کا کہناہے کہ ضلع نظام آباد میں بھی مختلف عوارض کی بناء پر ہونے والی اموات کے باعث صورتحال تشویشناک ہوتی جا رہی ہے۔ ریاستی حکومت کے محکمہ صحت کی جانب سے کورونا وائرس کے سبب ہونے والی اموات کے اعداد و شمار کے اظہار میں کی جانے والی بے اعتنائی اور اموات کی تعداد کو کم کرتے ہوئے پیش کئے جانے کے نتیجہ میں کورونا وائرس کے متعلق عوام میں خوف باقی نہیں ہے لیکن یومیہ اساس پر اموات کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کے سبب کئی شہریوں کا ماننا ہے کہ جن لوگوں کی اموات واقع ہورہی ہیں ان میں بڑی تعداد کو تنفس کا مسئلہ ہورہا ہے اور تنفس کے مسائل کورونا وائرس کی بنیادی علامات میں سے ایک ہیں اسی لئے شہریوں کو کسی بھی طرح کی غفلت کرنے کے بجائے اموات واقع ہونے پر احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاقوں میں گذشتہ ماہ کے اواخر میں اموات کی بڑی کے تعداد کے بعد یہ کہا جانے لگا تھا کہ جو اموات واقع ہورہی ہیں ان میں بیشتر کورونا وائرس کی مشتبہ اموات ہیں اسی لئے بڑی تعداد میں لوگوںکی جانب سے جنازوں میں شرکت سے بھی اجتناب کیا جا رہاہے تھا اور اب یہ صورتحال نظام آباد میں پائی جانے لگی ہے کیونکہ نظام آباد سے روزانہ کئی اموات کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں اور ان اموات کے ساتھ ساتھ ریاست کے اضلاع میں کورونا وائرس کے پھیلنے کی بھی توثیق ہونے لگی ہے اور کہا جا رہاہے کہ اضلاع میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والا اضافہ حکومت کیلئے مزید مشکلات کا باعث بنتا جا رہاہے۔