انٹر کامیاب امیدواروں کی کونسلنگ بھی منسوخ ، اسٹیٹ ہائیر ایجوکیشن کونسل کا فیصلہ
حیدرآباد۔ ریاستی حکومت سے مشاورت کے بعد تلنگانہ اسٹیٹ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن نے ریاست میں انٹرمیڈیٹ کامیاب طلبہ کی کونسلنگ اور ان کے ڈگری میں داخلوں کے عمل کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ریاستی محکمہ تعلیم کی جانب سے انٹرمیڈیٹ نتائج کے اعلان کے بعد حکومت نے تلنگانہ ریاستی کونسل برائے اعلی تعلیمات کی جانب سے ڈگری میں داخلوں کا اعلامیہ جاری کرتے ہوئے 6 جولائی تا 15جولائی کے دوران کونسلنگ اور نشستوں کی تخصیص کا فیصلہ کیا تھا لیکن موجودہ حالات اور کوروناو ائرس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھتے ہوئے DOST ویب سائٹ کے ذریعہ کی جانے والی ویب کونسلنگ کے ذریعہ داخلوں کے عمل کو بھی روک دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ محکمہ تعلیم اور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے ملازمین کو کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد تلنگانہ ریاستی کونسل برائے اعلی تعلیمات کی جانب سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ کونسل کی جانب سے محکمہ تعلیم اور متعلقہ وزیر کے علاوہ حکومت سے مشاورت کے بعدہی داخلوں کے عمل کو شروع کرنے کے سلسلہ میں قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔حکومت تلنگانہ کی جانب سے تمام اہلیتی امتحانات کی تنسیخ کے فیصلہ کے بعد حکومت کا تعلیم کے سلسلہ میں یہ دوسرا اہم فیصلہ ہے اور کہا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ڈگری میں داخلوں کے عمل کو روکنے کے علاوہ انٹرمیڈیٹ میں داخلوں کو بھی روکنے کے احکامات کی اجرائی کے سلسلہ میں غور کر رہی ہے کیونکہ ایس ایس سی طلبہ کی کامیابی کے فیصلہ کے بعد انٹرمیڈیٹ میں داخلوں کے لئے کالجس کی مہم شروع ہوچکی ہے اور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی جانب سے تعلیمی سال کے آغاز کے سلسلہ میں کوئی وضاحت نہ کئے جانے کے سبب طلبہ اور کالجس داخلوں کے حصول کی کوشش میں مصروف ہیں۔تلنگانہ ریاستی کونسل برائے اعلی تعلیمات کی جانب سے کئے جانے والے اس فیصلہ کے بعد ریاست میں تعلیمی سال کے آغاز کے سلسلہ میں پائے جانے والے شبہات میں مزید اضافہ ہوچکا ہے کیونکہ ڈگری میں داخلوں کے اعلامیہ کی تنسیخ کی وجوہات میں یہ بات واضح کی گئی ہے کہ داخلوں کے التواء کی وجہ وبائی امراضـ کے سبب پیداشدہ حالات ہیں اور ان حالات کے معمول پر آنے کے بعد ہی داخلوں کے عمل کو دوبارہ شروع کئے جانے کا امکان ہے اور اسی کے ساتھ دیگر داخلوں کے سلسلہ میں بھی احکامات کی اجرائی کی توقع کی جارہی ہے۔
