بی جے پی ہائی کمان کا فیصلہ، ریاست میں 10 لوک سبھا نشستوں پر کامیابی کانشانہ
حیدرآباد ۔ 5 ۔ فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ میں بی جے پی نے لوک سبھا چناؤ میں بہتر مظاہرہ کی حکمت عملی تیار کی ہے ۔ اگرچہ تلنگانہ میں پارٹی عددی طاقت کے اعتبار سے راجیہ سبھا کے لئے اپنے امیدوار کو منتخب کرنے کے موقف میں نہیں ہے، لہذا بی جے پی اعلیٰ قیادت نے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے ایک اور لیڈر کو راجیہ سبھا کیلئے نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بی جے پی کے سابق ریاستی صدر ڈاکٹر لکشمن کو اترپردیش سے راجیہ سبھا کیلئے منتخب کیا گیا۔ اس کے علاوہ تلنگانہ کے دو بی جے پی قائدین ملک میں گورنر کے عہدہ پر فائز ہیں جن میں بنڈارو دتاتریہ اور این اندرسین ریڈی شامل ہیں۔ مرکزی وزارت میں تلنگانہ کی نمائندگی پارٹی کے ریاستی صدر جی کشن ریڈی کر رہے ہیں۔ بنڈی سنجے کی جگہ پارٹی صدر مقرر کرنے کے بعد بھی کشن ریڈی کو مرکزی کابینہ میں برقرار رکھا گیا ہے ، حالانکہ بی جے پی میں ایک شخص ایک عہدہ کا اصول کارفرما ہیں۔ تلنگانہ میں پارٹی کے مستحکم کرنے کے مقصد سے ہائی کمان نے کشن ریڈی کو دونوں عہدوں پر برقرار رکھا اور لوک سبھا چناؤ میں پارٹی کم از کم 6 تا 8 حلقوں میں کامیابی کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ ریاست میں بی جے پی کے چار لوک سبھا ارکان ہیں اور کشن ریڈی حلقہ لوک سبھا سکندرآباد کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ملک میں بی جے پی کے حق میں عوامی رائے کا دعویٰ کرتے ہوئے بی جے پی قیادت تلنگانہ کی 17 لوک سبھا نشستوں میں 10 نشستوں پر کامیابی کیلئے سخت جدوجہد کرے گی۔ پارٹی کو یقین ہے کہ کم از کم 8 نشستوں پر امیدوار کامیاب ہوں گے۔ عوام نے بی جے پی کے حق میں رائے ہموار کرنے اور بی جے پی کارکنوں کا حوصلہ بلند کرنے کیلئے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے ایک قائد کو راجیہ سبھا کیلئے نامزد کیا جاسکتا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق اس سلسلہ میں بعض سابق آئی اے ایس ، آئی پی ایس عہدیداروں اور ریٹائرڈ ججس کے نام زیر غور ہیں۔ ریٹائرڈ بیوروکریٹ یا ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج کے راجیہ سبھا کیلئے انتخاب کے ذریعہ بی جے پی تعلیم یافتہ افراد بالخصوص سرکاری ملازمین کی تائید حاصل کرنا چاہتی ہے۔ بتایا جاتاہے کہ ایسے ریٹائرڈ عہدیدار کا انتخاب کیا جائے گا جن کا کوئی سیاسی پس منظر نہ ہو تاکہ غیر جانبدار رائے دہندوں کو بی جے پی کی طرف راغب کیا جاسکے۔ اسمبلی انتخابات سے قبل اندرسین ریڈی کو گورنر کے عہدہ پر فائز کیا گیا تھا ۔ حالیہ عرصہ میں کئی ریٹائرڈ آئی پی ایس اور آئی اے ایس عہدیداروں نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی ہے جن میں ریٹائرڈ آئی پی ایس کرشنا پرساد ، ریٹائرڈ آئی اے ایس چندرا ودن شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کرشنا پرساد ورنگل لوک سبھا حلقہ سے بی جے پی کے ٹکٹ پر مقابلہ کرنا چاہتے ہیں۔ تلنگانہ میں بی جے پی امور کے انچارج قائدین سے مشاورت کے بعد راجیہ سبھا کیلئے نامزد کئے جانے والی شخصیت کا انتخاب کیا جائے گا۔ 1