تلنگانہ کے گیارہ اضلاع میں آج شدید ترین سردی کی لہر

   

Ferty9 Clinic

عوام کو محفوظ رہنے اور گرم ملبوسات کے استعمال کا مشورہ، محکمہ موسمیات

حیدرآباد۔21۔ڈسمبر(سیاست نیوز) محکمہ موسمیات نے تلنگانہ کے 11اضلا ع میں22 ڈسمبر کو سردی کی لہر کا انتباہ جاری کیا گیا ہے ۔ عوام کو سردی سے محفوظ رہنے کے اقدامات پر توجہ دینے کی خواہش کی گئی ہے کیونکہ ماہرین موسمیات کے مطابق ریاست کے 11اضلاع میں 22ڈسمبر کوسردی کی شدید لہر ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ گذشتہ دو یوم سے جاری سردی کی لہر کے دوران دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے علاوہ ریاست کے 4اضلاع میں درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کی گئی تھی تاہم اب سردی کی اس لہر میں مزید اضافہ کے ساتھ یہ سلسلہ 11 اضلاع تک پھیل جائے گا۔ذرائع کے مطابق دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے کئی علاقوں میں رات دیر گئے درجہ حرارت 10 ڈگری سے کم ریکارڈ کیا جانے لگا ہے اور گذشتہ شب بھی شہر کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت میں زبردست گراوٹ ریکارڈ کی گئی ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی گئی پیش قیاسی کے مطابق آئندہ ہفتہ کے دوران درجہ حرارت میں نہ صرف گراوٹ ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے بلکہ سردلہروں کا سلسلہ بھی جاری رہ سکتا ہے۔شہر حیدرآباد کے مختلف علاقوں بالخصوص نواحی ومضافاتی علاقوں میں درجہ حرارت میں 2 ڈگری تک کی گراوٹ ریکارڈ کئے جانے کی اطلاع ہے ۔تلنگانہ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائیٹی کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق تلنگانہ کے 33 اضلاع میں 14ایسے اضلاع کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں درجہ حرارت معمول سے 2ڈگری کم ریکارڈ کیاجا رہاہے اور 21اور 22 ڈسمبر کو ان اضلاع میں شدید سردی کی لہر ریکارڈ کی گئی تھی لیکن 22ڈسمبر کو 11 اضلاع میں شدید سردی کی لہر ریکارڈ کئے جانے کے امکان ہیں اور اس میں آئندہ دنوں میں اضافہ کا بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہاہے ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کئے جانے والے انتباہ کی بنیاد پر محکمہ صحت کی جانب سے بھی انتباہ جاری کرنے کے علاوہ شہریوں کے لئے اڈوائزری جاری کرتے ہوئے شدید سردی کی لہر کے دوران گرم کپڑوں کے استعمال اور سردی سے محفوظ رہنے کے اقدامات کی تاکید کی جار ہی ہے اور ماہر اطباء سردی کی لہر کے دوران غذاء کے درست استعمال کے ذریعہ قوت مدافعت کو مستحکم رکھنے کا مشورہ دے رہے ہیں ۔3