تلنگانہ کے ہر ضلع میں ایک نرسنگ کالج حکومت کا فیصلہ

   

جنگی خطوط پر تجاویز تیار کرنے محکمہ صحت کو چیف منسٹر کی ہدایت چیف سکریٹری کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔ یکم ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ حکومت نے ریاست کے ہر ضلع میں ایک نرسنگ کالج قائم کرنے اور 100 بیڈس پر مشتمل ہاسپٹلس کو اس سے منسلک کرنے کا اہم فیصلہ کیا ہے ۔ محکمہ صحت کو اس سلسلے میں تجاویز تیار کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں ۔ چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت کے بعد نرسنگ کالجس کے قیام کے لیے محکمہ صحت کے عہدیداروں کی جانب سے جنگی خطوط پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے ایک اجلاس طلب کرتے ہوئے تجاویز کی تیاریوں کا جائزہ لیا ہے ۔ ریاست کے سرکاری ہاسپٹلس میں نرسس کی قلت ہے ۔ 30 بیڈس کے لیے ایک ہی نرس کی خدمات دستیاب ہے ۔ حکومت نے اس مسئلہ کا مستقل حل دریافت کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ریاست میں فی الحال عثمانیہ ( حیدرآباد ) گاندھی ( سکندرآباد ) ایم جی ایم ( ورنگل ) ، جگتیال ، سرسلہ ، ریمس ( عادل آباد ) نمس جملہ 7 گورنمنٹ نرسنگ کالجس ہیں جس میں 480 نشستیں ہیں اس کے علاوہ ریاست میں 78 پرائیوٹ نرسنگ کالجس ہیں جس میں 3120 نشستیں ہیں ۔ حکومت کی جانب سے ریاست میں نئے نرسنگ کالجس قائم کرنے سے مزید نشستیں دستیاب ہوں گی ۔ آئندہ سال 14 نئے نرسنگ کالجس قائم کرنے کے لیے درخواستیں داخل کرنے کی حکومت نے منظوری دے دی ہے ۔ جس سے 1400 نرسنگ نشستیں دستیاب ہوں گی ۔ آئندہ تعلیمی سال 2022-23 کے دوران سرکاری نرسنگ کالجس میں 1880 نرسنگ نشستیں دستیاب رہیں گی ۔ اس کے علاوہ سال 2023-24 کے دوران مزید 15 نرسنگ کالجس قائم ہونے والے ہیں ۔۔ ن