حیدرآباد۔/17 مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ یوم تاسیس کے 10 سال کی تکمیل پر ریاست گیر سطح پر تقاریب کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔ چیف سکریٹری شانتی کماری نے تقاریب کے انعقاد کیلئے کمیٹی تشکیل دی ہے جس کے صدرنشین خود چیف سکریٹری ہوں گی۔ ارکان کے طور پر کے وی رمنا چاری ریٹائرڈ آئی اے ایس و مشیر حکومت، دیشا پتی سرینواس ایم ایل سی، اسپیشل چیف سکریٹری پلاننگ ڈپارٹمنٹ، اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم و نسق، پرنسپل سکریٹری پنچایت راج، سکریٹری جی اے ڈی، سکریٹری فینانس شریمتی ٹی کے سری دیوی، سکریٹری ماحولیات، مشرف علی فاروقی آئی اے ایس اور ڈائرکٹر ڈپارٹمنٹ آف کلچر کو شامل کیا گیا۔ اسپیشل کمشنر محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کمیٹی کے کنوینر ہوں گے۔ کمیٹی مختلف تہذیبی اور ثقافتی پروگراموں کے انعقاد کی منصوبہ بندی کرے گی۔ر
طلبہ کی ٹی سی میں کاسٹ کی تفصیلات
شامل کرنے کو عدالت میں چیلنج
حیدرآباد۔/17 مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے اسکولوں سے طلبہ کے ٹرانسفر سرٹیفکیٹ میں ذات پات کی نشاندہی کے مسئلہ پر مفاد عامہ کی درخواست کی سماعت کی۔ ایک شہری کی جانب سے چیف جسٹس کو روانہ کردہ مکتوب کو مفاد عامہ کی درخواست میں تبدیل کردیا گیا جس میں طلبہ کے ٹی سی میں کاسٹ کا تذکرہ شامل کرنے کو چیلنج کیا گیا۔ چیف جسٹس اجل بھویاں اور جسٹس تکا رام جی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے اس سلسلہ میں محکمہ تعلیم سے وضاحت طلب کی ہے۔ درخواست گذار نے طلبہ کے ٹرانسفر سرٹیفکیٹ میں کاسٹ کا تذکرہ شامل کرنے کی مخالفت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر کسی طالب علم کو کاسٹ سرٹیفکیٹ چاہیئے تو اس کیلئے علحدہ محکمہ موجود ہے۔ درخواست گذار نے کہا کہ طلبہ کی ٹی سی کو سرکاری کام کاج کیلئے کاسٹ سرٹیفکیٹ کے طور پر استعمال نہ کیا جائے۔ درخواست گذار نے کہا کہ امیدوار کی شخصی تفصیلات کو ٹی سی میں شامل کرنے سے ملازمت اور سماجی انصاف کے امور میں ناانصافی کا اندیشہ ہے۔ر