تلنگانہ کے 11 امدادی باہمی اداروں کو بہتر کارکردگی پر رقمی امداد

   

Ferty9 Clinic

نبارڈ کے زیر اہتمام کوآپریٹیو کانکلیو، ریاستی وزیر ٹی ناگیشور راؤ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 29۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) امداد باہمی کے عالمی سال کے ضمن میں نبارڈ کی جانب سے تلنگانہ کوآپریٹیو کانکلیو 2025 کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ وزیر زراعت و امداد باہمی ٹی ناگیشور راؤ مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے اس موقع پر خطاب میں امداد باہمی مہم کو مستحکم کرنے پر زور دیا۔ امداد باہمی کے عالمی سال کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ریاستی وزیر نے کہا کہ دیہی علاقوں کی ترقی میں امداد باہمی تحریک کا اہم رول ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے امداد باہمی کے شعبہ میں کئی قدم اٹھائے ہیں۔ تلنگانہ میں 189 لاکھ ٹن دھان کی پیداوار کے ذریعہ تلنگانہ ملک کی دوسری بڑی ریاست بن چکی ہے۔ 2025 کو کوآپریٹیو تحریک میں مزید اضافہ کے لئے ہر کسی کو مساعی کرنی چاہئے۔ ریاستی وزیر نے نبارڈ کے رول کی بھی ستائش کی اور پرائمری اگریکلچرل کوآپریٹیو سوسائٹیز اور ملٹی سرویس سنٹرس کے استحکام میں نبارڈ کے رول کو سراہا۔ انہوں نے تلنگانہ کے تمام امداد باہمی اداروں کو یکجا کرنے میں نبارڈ کے رول کی ستائش کی۔ ڈاکٹر کے رویندر راؤ نے امداد باہمی اداروں کے رول پر خطاب کیا۔ اس موقع پر تلنگانہ کی 11 امداد باہمی تنظیموں کو تہنیت پیش کی گئی۔ انہیں 15 لاکھ روپئے فی کس کا چیک حوالے کیا گیا۔ نیشنل کوآپریٹیو ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی جانب سے یہ امداد دی گئی۔ چیف جنرل مینجر نبارڈ ایس منی کمار نے نبارڈ کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر ریجنل ڈائرکٹر ریزرو بینک آف انڈیا چنمے کمار ، مینجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ کوآپریٹیو اپیکس بینک وائی کے راؤ نے شرکت کی۔ جنرل مینجر نبارڈ سمراٹ مکرجی نے شکریہ ادا کیا۔1