تلنگانہ کے 154 چیک پوسٹ پر 69 کروڑ کی ضبطی: چیف سکریٹری

   

ریاست میں نیم فوجی دستوں کی 60 کمپنیاں تعینات ، پرامن الیکشن کے لیے اقدامات
حیدرآباد ۔ 4 ۔ اپریل (سیاست نیوز) چیف سکریٹری تلنگانہ شانتی کماری نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کو تلنگانہ میں پرامن اور شفاف الیکشن کو یقینی بنانے کیلئے کئے گئے اقدامات سے واقف کرایا۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کی ویڈیو کانفرنس کے دوران چیف سکریٹری نے ریاستی حکومت کے اقدامات کی تفصیلات بیان کیں جس کے تحت انتخابی مہم اور رائے دہی کو پرامن بنایا جائے گا ۔ انہوں نے واضح کیا کہ تلنگانہ میں شفاف انتخابی عمل نظم و نسق کی اولین ترجیح ہے۔ شانتی کماری نے کہا کہ ریاست میں امن و ضبط کی صورتحال پوری طرح قابو میں ہیں۔ بائیں بازو انتہا پسندی سے متاثرہ اضلاع کتہ گوڑم ، بھوپال پلی اور ملگ میں خصوصی سیکوریٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ پڑوسی ریاست چھتیس گڑھ سے بہتر تال میل کے ذریعہ ماؤسٹ سرگرمیوں پر نظر رکھی جارہی ہے۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ تلنگانہ کی 860 کیلو میٹر طویل سرحد چار ریاستوں سے مربوط ہے اور سرحدی علاقوں میں 154 چیک پوسٹ قائم کئے گئے۔ محکمہ جات ، پولیس ، اکسائز ، کمرشیل ٹیکس اور ٹرانسپورٹ کے عہدیدار بہتر تال میل کے ذریعہ تلاشی مہم میں مصروف ہیں۔ چیف سکریٹری کے مطابق تاحال 69.66 کروڑ ضبط کئے گئے جن میں 27.38 کروڑ نقد رقم ، 10کروڑ مالیتی شراب 16.14 کروڑ مالیتی ڈرگس اور 7.49 کروڑ کے قیمتی اشیاء شامل ہیں۔ انتخابی ڈیوٹی انجام دینے کیلئے مرکزی نیم فوجی دستوں کی 60 کمپنیاں تلنگانہ پہنچ چکی ہیں اور مزید 100 کمپنیاں عنقریب ریاست پہنچ جائیں گی۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے بعد سے 6022 افراد کو پابند مچلکہ کیا گیا ہے ۔ ویڈیو کانفرنس میں چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج ، ڈائرکٹر جنرل پولیس روی گپتا اور دیگر اعلیٰ عہدیدار شریک تھے۔ 1